راجیہ سبھا میں وقف ترمیمی بل پر ووٹنگ کے درمیان نظرآیا نیا تال میل، جانئے کس نے کسے ووٹ دیا؟

لوک سبھا کے بعد راجیہ سبھا سے بھی وقف ترمیمی بل پاس ہوگیا۔ راجیہ سبھا میں کل یعنی جمعرات دیر رات وقف بل پرہوئی ووٹنگ میں نئے حالات نظرآئے۔ وقف ترمیمی بل کے حق میں 128 اور مخالفت میں 95 ووٹ پڑے جبکہ حکومت کے پاس 125 اور اپوزیشن کے پاس 88 اراکین پارلیمنٹ ہیں۔ دیگر پارٹیوں کے 23 اراکین پارلیمنٹ ہیں، جو کسی اتحاد کا حصہ نہیں ہیں۔ 13 اراکین پارلیمنٹ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ بی جے پی اور اس کی تمام اتحادی پارٹیوں کے اراکین نے بل کی حمایت میں ووٹ دیا۔ جس میں بی جے پی کے علاوہ ٹی ڈی پی، جے ڈی یو اورچراغ پاسوان وہیں انڈیا الائنس کی تمام پارٹیوں نے بل کی مخالفت میں ووٹنگ کی۔ اس میں کانگریس، سماجوادی پارٹی، ٹی ایم سی، آرجے ڈی، سی پی آئی ایم سمیت کئی پارٹیوں نے بل کی مخالفت میں مضبوطی سے ووٹ دیا۔ بی جے ڈی اور وائی ایس آرسی پی نے اراکین پارلیمنٹ کے لئے وہپ جاری نہیں کی تھی جبکہ اے آئی ڈی ایم کے کے چاراراکین پارلیمنٹ نے بل کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔ ووٹنگ میں حصہ نہ لینے والوں میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی-شرد پوار (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار سمیت دو اراکین پارلیمنٹ، جے ایم ایم کے شیبو سورین، عام آدمی پارٹی کے سنجیو اروڑہ اور ہربھجن سنگھ اور بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ شامل ہیں جبکہ بی جے ڈی کے سسمت پاترا اوروائی ایس آرسی پی کے پریمل ناتھوانی نے بل کے حق میں ووٹ ڈالا۔
