ہندوستانی فوج کی مدد کے نام پر عوام کو دھوکہ دہی سے ہوشیار رہنے کا مشورہ

TOP_14-5

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تنازعہ کے دوران ہندوستانی فوج کی مالی مدد کے لئے مخیر حضرات اور چند مختلف تنظیمیں سامنے آرہی ہیں لیکن بعض شرپسندوں نے معصوم افراد کو نشانہ بناتے ہوئے اس صورتحال کا فائدہ اُٹھانے کی کوشش کررہے ہیں اور عوام کو مشکوک لنکس روانہ کررہے ہیں جس سے سنگین خطرہ پیدا ہورہا ہے۔ تلنگانہ سائبر سکیورٹی بیورو کی ڈائرکٹر شیکھا گوئل نے جعلی پیغامات کی زد میں آنے والے خطرات کے بارے میں عوام کو انتباہ دیا۔ انھوں نے کہاکہ واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر شرپسند افراد لنکس اور پیغام روانہ کررہے ہیں جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ان کی دی گئی رقم راست فوجی افسران کی مالی مدد کے لئے پہنچائی جارہی ہے جس کے لئے جعلی بینک اکاؤنٹس روانہ کئے جارہے ہیں جس سے عوام جذبات میں آکر رقم منتقل کررہے ہیں جو سائبر خطرہ ہے اور اس اسکام کو روکنے کے لئے عوام کو چاہئے کہ وہ رقم منتقل کرنے سے قبل اس کی مکمل جانچ کرلیں۔ سائبر جرائم پیشہ افراد لنکس روانہ کرکے فوجیوں کے نام پر رقم جمع کررہے ہیں، ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔