سرکاری ملازمین و پنشنرس کے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے 180 کروڑ جاری

bhatti-vikramarkar

تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل کرتے ہوئے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے تحت 180.38 کروڑ جاری کئے ہیں جس کے نتیجہ میں 26519 استفادہ کنندگان کو فائدہ ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے سابق بی آر ایس دور حکومت سے زیر التواء میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کا بجٹ جاری کیا ہے۔ سرکاری ملازمین اور پنشنرس کو حکومت نے زیر التواء بلز جاری کرتے ہوئے خوشخبری سنائی ہے۔ ریاست کے کمزور معاشی موقف اور فلاحی اسکیمات کے لئے بجٹ کی ضرورت کے باوجود ڈپٹی چیف منسٹر نے طویل عرصہ سے ملازمین کے زیر التواء میڈیکل بلز کو جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 4 مارچ 2023 تا 20 جون 2025 کے میڈیکل ری ایمبرسمنٹ بلز جاری نہیں کئے گئے تھے۔ کانگریس حکومت نے بلز کو جاری کردیا۔ اس فیصلہ سے 26519 سرکاری ملازمین اور پنشنرس کو فائدہ ہوگا۔سرکاری ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حال ہی میں ڈپٹی چیف منسٹر کو زیر التواء دیرینہ مطالبات کی جو فہرست پیش کی تھی ان میں میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے بلز کی اجرائی کا مطالبہ شامل تھا۔ سابق بی آر ایس دور حکومت کے بقایہ جات کی اجرائی پر ملازمین کی تنظیموں نے اطمینان کا اظہار کیا اور ڈپٹی چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا.