آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کیلئے چندرا بابو نائیڈو کا دورہ سنگاپور

چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو 5 روزہ دروہ پر سنگارپور پہنچے اور پہلے دن انہوں نے کئی صنعت کاروں سے ملاقات کی ۔ سنگاپور میں مقیم تلگو باشندوں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزراء نارا لوکیش، ٹی جی بھرت، پی نارائنا اور اعلیٰ عہدیدار موجود ہیں۔ آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کیلئے سنگاپور کے اداروں کو مدعو کرنے 5 روزہ دورہ طے کیا گیا۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع کے بارے میں پرزنٹیشن کے ذریعہ صنعتکاروں کو ترغیب دے رہے ہیں۔ تلگو باشندوں کے اجلاس سے خطاب میں چندرا بابو نائیڈو نے سنگاپور کے اسکولوں میں تلگو کے بطور سکنڈ لینگویج تعلیم کے حصول پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلگو عوام کو اپنی زبان کے تحفظ پر توجہ دینا چاہئے اور زبان سے وابستگی ضروری ہے۔ سنگاپور میں تلگو باشندوں کی تعداد تقریباً 40 ہزار ہے۔ تلگو باشندوں کے اجلاس میں 2000 سے زائد افراد نے شرکت کی جن کا تعلق تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے ہے۔ بتایا گیا کہ سنگاپور کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تلگو عوام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سنگاپور کے علاوہ ملائیشیا، انڈونیشیا، فلپائن اور تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے تلگو باشندے چندرا بابو نائیڈو کے استقبال کیلئے موجود تھے۔ نائیڈو نے تلگو عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی ریاستوں کو ہرگز فراموش نہ کریں۔ چیف منسٹر نے آندھرا پردیش کے ترقیاتی ایجنڈہ کی تفصیلات بیان کیں اور کہا کہ حکومت نے کئی اصلاحات نافذ کئے ہیں تاکہ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر موثر عمل کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تلگو عوام کیلئے تلگو زبان رابطے کا اہم ذریعہ ہے۔ نائیڈو نے سنگاپور کے انتظامیہ کی ستائش کی اور کہا کہ انتظامیہ میں کرپشن نہیں ہے اور ڈسپلن اور ملک سے یکجہتی کی مثال پیش نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور اڈمنسٹریشن سے آندھرا پردیش کئی شعبہ جات میں تعاون حاصل کریگا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں 20 پورٹس اور 15 تا 20 نئے ایئرپورٹس کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے وزیر اعظم مودی کی قیادت کو سراہا۔ انڈین ہائی کمشنر برائے سنگاپور شلپک امبولے اور مختلف صنعتی اداروں کے نمائندوں نے نائیڈو سے ملاقات کی۔ ایئربس، ہنی ویل کے نمائندوں نے بھی چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی.
