ٹرمپ روسی صدر پوتین سے ملاقات

trump-putin

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ جوائنٹ بیس اینڈریوز میری لینڈ سس اپنے خصوصی جہاز ایئر فورس ون سے الاسکا کیلئے روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ روسی صدر ولادیمیر پوتین کے ساتھ اہم سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ایک امریکی عہدیدار نے امریکی نشریاتی ادارے ‘سی این این’ کو بتایا کہ صدر ٹرمپ اور روسی صدر پوتین کے درمیان سربراہی اجلاس میں تمام آپشنز میز پر موجود ہوں گے ،جن میں یہ امکان بھی شامل ہے کہ اگر ٹرمپ کو محسوس ہوا کہ روسی صدر معاہدہ کرنے میں سنجیدہ نہیں تو وہ اجلاس سے واک آؤٹ کر دیں گے ۔ کریملن کے مطابق دونوں صدور سربراہی اجلاس کا آغاز مترجم کے ساتھ ایک نجی ملاقات سے کریں گے ۔ وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر کے ساتھ 16 اعلیٰ حکام بھی موجود ہوں گے ، جن میں وزیر خارجہ مارکو روبیو، وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ، وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک، سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف، وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ اور امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف سمیت دیگر شامل ہیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ ان میں سے کون سے حکام روسی نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں موجود ہوں گے ۔