بی سی تحفظات کی راہ میں رکاوٹ کا بی آر ایس اور بی جے پی پر الزام

وزیر بہبودی پسماندہ طبقات پونم پربھاکر نے بی سی تحفظات کے سلسلہ میں اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی نے سماجی انصاف کے تحت وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے پسماندہ طبقات کے لئے 42 فیصد تحفظات فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی اور بی آر ایس کی جانب سے حکومت پر عدم سنجیدگی کے الزامات کو مسترد کردیا۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ حکومت بی سی تحفظات پر عمل آوری میں سنجیدہ ہے۔ اسمبلی میں بل کی منظوری کے بعد گورنر کو روانہ کیا گیا اور دونوں بلز زیر التواء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں تحفظات بل کی تائید کرنے والی بی آر ایس اور بی جے پی نے اپنا موقف تبدیل کردیا ہے۔ مرکزی حکومت پر بلز کی منظوری کیلئے دباؤ بنانے کے بجائے بی جے پی قائدین تحفظات کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کو بتانا چاہئے کہ پسماندہ طبقات سے انصاف کس طرح ہوگا۔ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ علاقہ کی ترقی صرف کانگریس سے ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے کئی علاقوں میں عوام کو محض 5 روپئے میں ناشتہ اور لنچ کی فراہمی کانگریس حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے سیاسی اور سماجی پارٹیوں اور تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ تحفظات کی راہ میں رکاوٹ پیدا نہ کریں اور عمل آوری میں حکومت سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض قائدین تحفظات کی 50 فیصد حد کا دعویٰ کر رہے ہیں جبکہ کئی ریاستوں میں 60 فیصد سے زائد تحفظات پر عمل کیا جار ہا ہے ۔ انہوں نے سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ تحفظات کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع ہوکر رکاوٹ نہ بنیں اور مجالس مقامی انتخابات میں پسماندہ طبقات کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور کونسل میں تمام سیاسی پارٹیوں نے تحفظات کی تائید کی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہائی کورٹ میں مجالس مقامی کے انتخابات پر کوئی روک نہیں لگائی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تحفظات کے مسئلہ پر ہائی کورٹ سے کلیئرنس حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بعض ریاستوں میں مجموعی تحفظات 80 تا 90 فیصد ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے ٹاملناڈو ماڈل اختیار کرتے ہوئے 50 فیصد کی حد کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
