حیدرآباد کی ہمہ جہتی ترقی پر ہر سال 10 ہزار کروڑ کا خرچ: بھٹی وکرمارکا

10last_1

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ حکومت حیدرآباد کی ہمہ جہتی ترقی کے عہد کی پابند ہے اور شہر کو عالمی معیار کی انفراسٹرکچر سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا ۔ بھٹی وکرمارکا نے رئیل اسٹیٹ کے تیزی سے فروغ کا ذکر کیا اور کہا کہ حیدرآباد کے اطراف رئیل اسٹیٹ کی ترقی سے اراضیات کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے ۔ حال ہی میں حکومت کی جانب سے آکشن کے ذریعہ فروخت کی گئی اراضی 177 کروڑ فی ایکر کے حساب سے فروخت کی گئی ۔ بھٹی وکرمارکا ہائی ٹیکس میں نیشنل رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے 15 ویں کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ اور اعلیٰ عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے رئیل اسٹیٹ کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے پراجکٹ کے سلسلہ میں متوسط اور لوور میڈل کلاس خاندانوں کی ضرورتوں کو پیش نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں مستقبل قریب میں صرف الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی تاکہ آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی اور ریاست میں تلنگانہ کی طرح بہتر رہائشی سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کا حیدرآباد میں استقبال کرتے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے تلنگانہ میں سیاحت کے فروغ کیلئے حکومت کے اقدامات میں رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کی شمولیت پر زور دیا۔ حیدرآباد کو عالمی طرز کی انفراسٹرکچر سہولتوں کا حوالہ دیتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ شہر کے اطراف مختلف علاقوں کو ترقی دی جارہی ہے اور بڑ ے پیمانہ پر سرمایہ کاری کے امکانات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہری ترقی اور خاص طور پر حیدرآباد کی ترقی کیلئے ہر سال 10 ہزار کروڑ مختص کئے جارہے ہیں ۔ گزشتہ دو برسوں میں حیدرآباد میں 20,000 کروڑ مالیت کے ترقیاتی کام انجام دیئے گئے اور یہ پراجکٹ ترقی کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں 39 سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کو منظوری دی گئی ہے جس پر 11927 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بہتر پینے کے پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی جس کے لئے 13704 کروڑ کی تجاویز ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ سیوریج اور پینے کے پانی کی سربراہی پر 25631 کروڑ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ اراضیات کے حالیہ آکشن میں فی ایکر 177 کروڑ اراضی فروخت کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ہراج میں 25 بلڈرس نے شرکت کی اور اراضی کے لئے فی ایکر 150 کروڑ کی بولی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پیراڈائز جنکشن تا نیشنل ہائی وے 1487 کروڑ کے سرمایہ سے ایلیویٹیڈ کوریڈار تعمیر کیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ڈیفنس کی اراضی کے لئے وزیر دفاع سے نمائندگی کی گئی۔ شاہ میر پیٹ میں سڑک کی توسیع کے کاموں پر 3619 کروڑ کے اخراجات کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ملک کا واحد شہر ہے ، جہاں 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہ کی جاتی ہے اور پانی کی سربراہی کا موثر انتظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری سے حیدرآباد کے ذخائر آب کو پانی کی منتقلی کا منصوبہ ہے۔ حیدرآباد کو کلین اینڈ گرین سٹی میں تبدیل کرنے کیلئے مستقبل میں صرف الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ حکومت تعلیم اور صحت کے شعبہ جات کو ترجیح دے رہی ہے اور ہر اسمبلی حلقہ میں 25 کروڑ سے اقامتی اسکولس کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ سرکاری دواخانوں میں بہتر خدمات کیلئے اپ گریڈ کیا گیا ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے رئیل اسٹیٹ بزنس کی حکومت کی جانب سے حوصلہ افزائی کا تیقن دیا۔