میٹرو ریل پراجکٹ کی حکومت کو منتقلی کی کارروائی تیز

metro1

تلنگانہ حکومت نے میٹرو ریل پراجکٹ کو ایل اینڈ ٹی کمپنی سے حاصل کرنے کی کارروائی کو تیز کردیا ہے۔ جاریہ ماہ کے اختتام تک حکومت کو میٹرو ریل پراجکٹ اپنی تحویل میں لینا ہوگا۔ میٹرو ریل کے دیگر مراحل کے لئے مرکز سے فنڈس کے حصول میں یہ اہم رکاوٹ ہے۔ مرکزی حکومت نے پراجکٹ تحویل میں لینے کا عمل تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی، جس کے بعد ہی میٹرو فیز II میں مرکز اپنی حصہ داری کا جائزہ لے گا۔ ایک طرف حکومت تو دوسری طرف ایل اینڈ ٹی کے حکام پراجکٹ کی منتقلی کی کارروائی میں مصروف ہیں۔ یکم اپریل سے میٹرو ریل پراجکٹ حکومت کی راست نگرانی میں رہے گا۔ پراجکٹ کے پہلے مرحلہ میں ایل اینڈ ٹی نے بی بی نگر تا میاں پور، جے بی ایس سے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن اور ناگول تا رائے درگ راہداری کے کام 69.2 کیلو میٹر کی تکمیل کی تھی۔ پراجکٹ کی منتقلی کے مرحلہ میں ایل اینڈ ٹی نے مختلف بینکوں سے 13 ہزار کروڑ کا جو قرض حاصل کیا ہے وہ حکومت کو منتقل ہوجائے گا۔ ایل اینڈ ٹی کو حکومت کی جانب سے 2 ہزار کروڑ ادا کئے جائیں گے۔ اثاثہ جات کی منتقلی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔