ٹرینی آئی اے ایس عہدیداروں کو دیانتداری کیساتھ کام کرنے گورنر کا مشورہ

گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے لوک بھون میں2025 بیاچ سے تعلق رکھنے والے ٹرینی آئی اے ایس عہدیداروں سے ملاقات کی اور عوامی خدمات کے سلسلہ میں ان کی رہنمائی کی ۔ تلنگانہ میں خدمات پر مامور ہونے سے قبل منتخب آئی اے ایس عہدیداروں کی ٹریننگ جاری ہے جن میں ای سائی شیوانی ، سچن بسواراج ، پی ہری پرساد ، پارس کمار ، پی سریش اور این سریکانت ریڈی شامل ہیں۔ گورنر نے نوجوان آئی اے ایس عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ دیانتداری اور مکمل عہد کے ساتھ عوام کی خدمت انجام دیں اور اپنی سرویس میں ہمیشہ عوامی مسائل کی یکسوئی کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس عہدیدار اگر سنجیدگی اور جوابدہی کے ساتھ خدمات انجام دیں تو حکومت کی ترقیاتی اسکیمات پر موثر عمل آوری ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس اور نظم ونسق کو بہتر بنانے میں آئی اے ایس عہدیداروں کا اہم رول ہوتا ہے۔ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی اور دیانتداری کے ساتھ ادا کریں تاکہ غریبوں کا معیار زندگی بہتر ہو۔ گورنر نے ٹرینی آئی اے ایس عہدیداروں کو نظم و نسق کے مختلف امور کے بارے میں واقف کرایا۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری برائے گورنر ایم دانا کشور، نائب صدرنشین ڈاکٹر چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ شریمتی شانتی کماری اور کورس ڈائرکٹر ڈاکٹر کے اوشا رانی موجود تھیں۔
