شہر و ریاست میں آئندہ ہفتے سے مانسون کی بارشوں کا امکان

تلنگانہ بالخصوص شہرحیدرآباد وسکندرآباد میں آئندہ ہفتہ مانسون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔ماہرین موسمیات کے مطابق 11 تا 13 جون تلنگانہ میں مانسون پہنچنے کا امکان ہے جبکہ اب جو بارشیں ہورہی ہیں وہ موسم باراں یا مانسون کی بارش نہیں ہیں بلکہ ماقبل مانسون بارشوںکا سلسلہ ہے جو کہ ہلکی اور تیز رہیں گی۔دونوں شہروں ب ریاست کے کئی اضلاع میں کل ہوئی بارش کے ساتھ آج بھی شہر کے نواحی و مضافاتی علاقوں میں بارشیں گرمی سے کسی قدر راحت کا سبب بن چکی ہیں لیکن رطوبت برقرار ہونے کے سبب گرمی کا احساس باقی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 10 جون کو دونوں شہروں میں مانسون کی پہلی بارش کا امکان ہے جبکہ خانگی ماہرین کے مطابق شہر میں مانسون کی بارشوں کا سلسلہ 11 جون کے بعد شروع ہونے کا امکان ہے ۔ بتایا گیا کہ مانسون کی کیرالا میں آمد اور کیرالا ‘ کرناٹک ‘ ٹاملناڈو و دیگر ریاستوں میں بارشوں کے سبب دباؤ کے نتیجہ میں تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں بارش ہو رہی ہے جن میں وقار آباد‘ سنگاریڈی ‘ نارائن پیٹ‘ محبوب نگر ‘ گدوال ‘ ونپرتی ‘ناگرکرنول‘ و نلگنڈہ رنگاریڈی میں بارشیں جاری ہیں۔حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ سرسلہ ‘ عادل آباد‘ آصف آباد‘ نرمل ‘ منچریال کے علاقوں میں ہلکی اور تیز بارشیں ریکارڈ کی جا رہی ہیں اور وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ آئندہ دنوں میں برقرار رہ سکتا ہے ۔ماہرین کے مطابق رنگاریڈی کے علاقوں چیوڑلہ ‘ شادنگر ‘ کڑتال ‘ آمنگل‘ منچال میں موسلادھار بارش ہوئی اورشام کے اوقات میں بھی بارشوں کا امکان ہے اسی طرح سنگاریڈی میں نارائن کھیڑ و دیگر اضلاع نظام آباد‘ کاماریڈی ‘ نرمل ‘ سرسلہ اور کریم نگر میں بھی موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔شام سے رات کے درمیان محبوب نگر ‘ ونپرتی ‘ ناگرکرنول ‘ گدوال اور نارائن پیٹ میں شدید بارش کا امکان ہے ۔ نواحی علاقوں بالخصوص حیات نگر‘ ونستھلی پورم‘ ایل بی نگر میں شدید بارش کا امکان ہے لیکن محکمہ موسمیات و خانگی ماہرین دونوں وضاحت کر رہے ہیں تلنگانہ میں ان بارشوں کا مانسون سے تعلق نہیں ہے اور آئندہ ہفتہ ہی مانسون کی آمد کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔
