سرکاری سطح پر اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی، روزگار کے نئے مواقع

ہندوستان نے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے معاملہ میں چھوٹی اور متوسط صنعتوں نے نمایاں رول ادا کیا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ مرکزی اور ریاستی سطح پر حکومتوں کی جانب سے نئے اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ سرکاری سطح پر مختلف رعایتوں اور مراعات کے ذریعہ نئے صنعت کاروں کو چھوٹی اور متوسط صنعتوں کے قیام کی ترغیب دی جارہی ہے ۔ اسٹارٹ اپس کے معاملہ میں مہاراشٹرا ، کرناٹک اور اتر پردیش نے غیر معمولی مظاہرہ کیا جہاں محض چند برسوں میں بڑی تعداد میں اسٹارٹ اپس کا مختلف شعبہ جات میں قیام عمل میں آیا۔ ایک سروے کے مطابق ملک بھر میں اسٹارٹ اپس کی تعداد 207135 درج کی گئی ہے۔ مہاراشٹرا جو ملک میں صنعتی سرگرمیوں کیلئے نمایاں شہرت رکھتا ہے ، اس نے اسٹارٹ اپس کے معاملہ میں دیگر ریاستوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ ریاست میں 35992 اسٹارٹ اپس قائم کئے گئے جن کے ذریعہ سینکڑوں افراد کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ کرناٹک میں اسٹارٹ اپس کی تعداد 21163 درج کی گئی جبکہ اترپردیش 20163 اسٹارٹ اپس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔ عوامی شعبہ کے اداروں میں روزگار کے مواقع میں کمی کو دیکھتے ہوئے سرکاری سطح پر اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق ملک اور ریاستوں کے ترقیاتی منصوبہ پر عمل آوری میں چھوٹی اور متوسط صنعتوں نے اہم رول ادا کیا ہے۔ بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے اسٹارٹ اپس کے قیام کے لئے قرض فراہم کئے جارہے ہیں ۔ یوں تو ہر ادارہ کا قیام کے ساتھ ہی کامیابی کی منزلیں طئے کرنا ضروری نہیں ہے ، باوجود اس کے حکومت نے اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کو اس لئے بھی جاری رکھا ہے تاکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع برقرار رہیں۔ تلنگانہ میں اسٹارٹ اپس کی تعداد 11434 درج کی گئی ہے جبکہ آندھراپردیش میں 3887 نئی صنعتیں قائم کی گئیں۔
