تلنگانہ کی کانگریس حکومت پر ریاست کی اقلیتوں کو نظرانداز کرنے کا الزام

کانگریس حکومت ریاست میں اقلیتوں کی ترقی کے سلسلہ میں کئے گئے وعدوں میں ناکام ہوچکی ہے اور انتخابات سے قبل جاری کئے گئے ’’اقلیتی اعلامیہ ‘‘ پر عمل آوری کے بجائے ٹال مٹول کے ذریعہ مسلمانوں اور اقلیتوں کو دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ سابق ریاستی وزیر و ڈپٹی فلور لیڈر بھارت راشٹرسمیتی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے گجویل ‘سدی پیٹ میں منعقدہ مسلم پتھر توڑنے والے ’’ترکا کاشا‘‘ طبقہ سے تعلق رکھنے والوں میں مشینوں کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے اپنے خطاب کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے اقلیتوں کو نظر انداز کئے جانے اور ان سے کئے گئے وعدوں پر عدم عمل آوری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کے لئے 4000 کروڑ کے بجٹ کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا لیکن اب تک بجٹ کی تخصیص عمل میں نہیں لائی گئی بلکہ بی آر ایس نے جو بجٹ خرچ کیا تھا اس سے بھی کم بجٹ خرچ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ فینانس کے اعداد و شمار اور اقلیتوں کے لئے جاری کئے گئے بجٹ کے متعلق وہ اچھی طرح جانتے ہیں کیونکہ وہ تلنگانہ میں
فینانس منسٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بی آ ر ایس نے اپنے دور حکومت میں چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپس کے لئے 1550 کروڑ روپئے خرچ کئے جبکہ موجودہ حکومت اب تک 1800 کروڑ روپئے بجٹ محکمہ اقلیتی بہبود کے لئے جاری کرنے میں ناکام ہے۔ گجویل ‘ سدی پیٹ میں منعقدہ ’ترکا کاشاہ ‘ طبقہ میںپتھر تراشنے اور کاٹنے کی 100مشینوں کی تقسیم کے پروگرام کے دوران سابق رکن قانون سازکونسل جناب محمد فاروق حسین ‘ جناب علی بن ابراہیم مسقطی ‘ رکن قانون ساز کونسل وی پرتاپ ریڈی ‘ جناب یونس اکبانی ‘ مسٹر ام این سرینواس ‘ کے علاوہ دیگر سرکردہ قائدین موجود تھے ۔ جناب علی بن ابراہیم مسقطی انچارج حلقہ اسمبلی چارمینار نے اپنے خطاب کے دوران حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے اقتدار میں آنے کے بعد محض مسلمانوں کو ہی نہیں بلکہ ریاست کے تمام طبقات کو مایوس کیا ہے جس کے نتیجہ میں ہر طبقہ میں ناراضگی پائی جانے لگی ہے۔ مسلمانوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے کئے جانے والے وعدوں کی بنیاد پر ریاست کے مسلمانوں نے کانگریس کی بھر پور حمایت کی تھی لیکن اندرون 2برس کانگریس نے اپنا حقیقی چہرہ آشکار کردیا۔ جناب علی مسقطی کی جانب سے ’ترکا کاشاہ ‘ طبقہ کے مسلمانوں کے لئے 100 پتھر کاٹنے کی مشینوں کا عطیہ دیئے جانے پر مسٹر ہریش راؤ نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جو کام حکومت تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ کر رہی ہے وہ بی آ رایس قائد علی مسقطی اپنے ذاتی خرچ سے کر رہے ہیں۔ جناب علی مسقطی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ انہوں نے جناب عامر علی خان ایڈیٹر سیاست کی تحریک پر تلنگانہ کے مسلمانوں کے پسماندہ ترین طبقہ ’ترکاکاشا‘ سے تعلق رکھنے والوں کو سہولت کی فراہمی کے علاوہ
ان کے روزگار میں بہتری لانے کے لئے انہیں مشینوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ترکا کاشاہ طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کی اسوسیشن کے ذمہ داروں نے بتایا کہ انہیں جو مشینوں کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوا ہے وہ ’روزنامہ سیاست‘ نے شروع کیا تھا اور اب حکومت کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی ان پر توجہ مرکوز کی جانے لگی ہے۔ شیخ بڑے صاحب نے اس موقع پر بتایا کہ تاحال اس طبقہ سے تعلق رکھنے والے 2000 افراد کو پتھر کاٹنے اور تراشنے کی مشینیں حاصل ہوچکی ہیں اور اب حکومت تلنگانہ اور تلنگانہ میناریٹی فینانس کارپوریشن کی جانب سے بھی مشینوں کی فراہمی کی اسکیم شروع کی گئی ہے۔
