اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں عنقریب اضافہ کا اندیشہ

6p-price-rise

مستقبل قریب میں ملک کو سنگین معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور عوام کو مہنگائی کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہونے کی ضرورت ہے۔ ماہرین معاشیات نے ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کے خدشات ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو اپنے قرضہ جات اور ان کے اقساط کے علاوہ اخراجات کے متعلق ضروری جائزہ لینے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ ملک کے بیرونی زر مبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کے نتیجہ میں جس معاشی انحطاط کا سامنا ہے اس سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ روپئے کی قدر میں بہتری پیدا ہو اور اس کے لئے ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں لیکن اس کے باوجود صورتحال کو بہتر بنانے کے بجائے محض قابو میں رکھنے کے اقدامات ممکن ہوپا رہے ہیں۔ہندستانی معیشت پر ہونے والے منفی اثرات کے سلسلہ میں ماہرین معاشیات کا کہناہے کہ آئندہ دنوں کے دوران قرضہ جات مہنگے ہونے کے علاوہ بیرون ملک تعلیم بھی مہنگی ہونے کا خدشہ ہے علاوہ ازیں اشیائے ضروریہ ‘ الکٹرانکس‘خام اشیاء اور درآمدی اشیاء کے ساتھ حمل و نقل کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے۔معیشت پر پیدا ہونے والے اس دباؤ کے نتیجہ میں ہندستان بھر میں عوام کا گھریلو بجٹ بگڑسکتا ہے کیونکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں امکانی اضافہ کے علاوہ دیگر سہولتوں کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب اخراجات بڑھ جائیں گے اور ان پر قابو پانے کے لئے آمدنی میں اس رفتار سے اضافہ کے امکانات موہوم نظر آرہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ہندستان کو جاریہ ہفتہ کے دوران 6.3 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے جو کہ معیشت کے لئے بڑا جھٹکا تصورکیا جا رہاہے۔خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے رجحان کے نتیجہ میں روپئے کی قیمتوں پر مسلسل دباؤ ریکارڈ کئے جانے کے سبب ریزرو بینک آف انڈیا روپئے کو مستحکم رکھنے کے لئے بیرونی زر مبادلہ پر انحصار کئے ہوئے ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے ذرائع کے مطابق اب بھی ہندستان میں 728 ملین ڈالر کے زرمبادلہ موجود ہیں لیکن اس میں ریکارڈ کی جانے والی کمی کی رفتار ہندستان کے متوسط طبقہ کے لئے انتہائی تشویشناک ثابت ہوسکتی ہے۔ ماہرین معاشیات نے ہندستانی شہریوں بالخصوص متوسط طبقہ کو مشورہ دیتے ہوئے اپنی آمدنی اور اخراجات پر خصوصی توجہ مرکوز کریں اور اگر مکان کا قرض ادا کر رہے ہیں تو اس کی اقساط میں ہونے والے اضافہ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بہ عجلت ممکنہ ادائیگی پر توجہ دیں تاکہ جلد از جلد قرض کے چنگل سے باہر آسکیں۔