ہونڈائی موٹرس کو حیدرآباد میں کار مینوفیکچرنگ یونٹ قائم کرنے کی دعوت

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہونڈائی کمپنی کو حیدرآباد میں کار مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام کا مشورہ دیا اور کہا کہ حیدرآباد سرمایہ کاری کا بہتر مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہونڈائی کار مینوفیکچرنگ یونٹ کے قیام کیلئے حیدرآباد ایک موزوں ایک بہترین مقام ہے۔ ہونڈائی موٹرس انڈیا انجنیئرنگ کے ایک وفد نے ڈائرکٹر چنگیون چو کی قیادت میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ میں مینوفیکچرنگ شعبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے تمام ضروری تعاون کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ملک کا مرکزی مقام ہے جو کاسمو پولیٹن کلچر اور ایک محفوظ شہر کے علاوہ بہتر رہائشی مقام کے طورپر اپنی شناخت رکھتا ہے۔ ہندوستان کے 6 میٹرو پولیٹن شہروں میں حیدرآباد کا شمار بہتر رہائشی شہر کے طور پر ہوتا ہے۔ انہوں نے ہونڈائی موٹرس انڈیا کے عہدیداروں کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ نیشنل انویسٹمنٹ اینڈ مینوفیکچرنگ زون ظہیرآباد میں کمپنی کی توسیعی سرگرمیوں کیلئے حکومت کی جانب سے ممکنہ تعاون کا پیشکش کیا گیا۔ ہونڈائی کی جانب سے 8528 کروڑ کی سرمایہ کاری کے نتیجہ میں 4276 نئے روزگار فراہم ہوں گے۔ کمپنی نے 678 ایکر اراضی پر مرحلہ وار ترقیاتی منصوبہ کی تکمیل کا منصوبہ بنایا ہے۔ ظہیرآباد میں کمپنی کی جانب سے انٹیگریٹیڈ گلوبل آر اینڈ ڈی فیسیلیٹی قائم کی جارہی ہے جس کی تفصیلات سے چیف منسٹر کو واقف کرایا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ آئندہ چند ماہ میں تعمیری سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ کمپنی کی انٹیگریٹیڈ گلوبل فیسیلیٹی کا ہائی ٹیک سٹی میں 20 سال قبل آغاز کیا گیا اور وہ آر اینڈ ڈی کے ایک اہم مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے۔ کمپنی نے انجنیئرنگ صلاحیتوں میں توسیع کے تحت ظہیرآباد کا انتخاب کیا۔ ورلڈ اکنامک فورم 2024 اجلاس میں ہونڈائی موٹرس کے نمائندوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی تھی اور سرمایہ کاری پر بات چیت کی گئی۔ جون 2025 میں تلنگانہ کابینہ کی صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری سے متعلق کابینی سب کمیٹی نے ہونڈائی کے آر اینڈ ڈی سنٹر کی تجویز کو منظوری دی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وفد کو مشورہ دیا کہ حیدرآباد میں مینوفکچرنگ سنٹر قائم کیا جائے جہاں سے سڑک ، ریل اور فضائی راستے سے ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولتیں موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیور اربن ریجن میں حکومت نے مینوفیکچرنگ سرگرمیوں کے فروغ کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے بھارت فیوچر سٹی کی تفصیلات سے واقف کرایا اور ڈسمبر میں اس گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ ہونڈائی کے مینجنگ ڈائرکٹر چنگیون چو نے تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن کے تحت تلنگانہ میں سرگرمیوں کو فروغ دینے میں دلچسپی دکھائی۔ چیف منسٹر کے مشیر کے رام کرشنا راؤ ، کلکٹر سنگا ریڈی پرتیک جین و دیگر عہدیدار موجود تھے۔
