سرکاری اسکیموں پر عمل آوری میں تاخیر نہ کی جائے :کلکٹر

ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیش سنگوان نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سرکاری اسکیموں پر عمل آوری میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہونے دی جائے اور زیر التوا درخواستوں کی یکسوئی کے ساتھ ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ کلکٹریٹ میں اپنے چیمبر میں منعقدہ ٹیلی کانفرنس میں مختلف سرکاری اسکیموں پر عمل آوری، زیر التوا درخواستوں کی یکسوئی، ترقیاتی کاموں کی پیش رفت اور ایلنِینو کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وی بی۔جی رام جی اسکیم کے تحت مزدوروں کی شمولیت میں اضافہ کیا جائے اور اہل مزدوروں کے اندراج کے عمل میں تیزی لائی جائے۔ دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایلنِینو کے اثرات کے نتیجے میں درجہ حرارت میں اضافے اور بارش کی کمی کا امکان ہے، جس کے پیش نظر مویشیوں کے لیے سبز چارے کی قلت سے بچنے کے لیے ابھی سے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ اس مقصد کے تحت وی بی۔جی رام جی اسکیم کے ذریعے چارہ کی کاشت کو فروغ دیا جائے گا، جس کے تحت ہر مستفید کو زیادہ سے زیادہ ایک ایکڑ اراضی پر چارہ اگانے کی سہولت فراہم کی جائے گی اور اس کے لیے پانچ موزوں اقسام کے گھاس کے بیج استعمال کیے جائیں گے۔ کلکٹر نے بتایا کہ ایک ایکڑ پر چارہ کی کاشت کے لیے تقریباً 18 ہزار روپے کے اخراجات کا تخمینہ ہے اور اس کے ذریعے تقریباً 30 دن کی مزدوری کے برابر روزگار فراہم کیا جاسکتا ہے۔ اس پروگرام سے مویشیوں کے لیے سبز چارہ دستیاب ہوگا، مویشیوں کے تحفظ اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور کسانوں کی آمدنی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے ایک طرف دیہی مزدوروں کو روزگار ملے گا تو دوسری جانب ایلنِینو کے ممکنہ اثرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے میں بھی مدد حاصل ہوگی۔ کلکٹر نے اندراماں ہاؤزنگ اسکیم اور پردھان منتری آواس یوجنا۔دیہی کے مستفیدین کے جاب کارڈس کی میدانی سطح پر جانچ کرتے ہوئے ان کی اہلیت کی تصدیق کرنے کی ہدایت دی۔ قبائلی آبادیوں میں اندراماں مکانات کی تعمیر کے لیے درکار اجازتوں کا عمل متعلقہ محکمہ جات کے باہمی تعاون سے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے بھو بھارتی اسکیم کے تحت زیر التوا درخواستوں کا جائزہ لے کر قواعد کے مطابق جلد یکسوئی کرنے اور اراضی کی دوبارہ سروے کے کاموں کو مقررہ اہداف کے مطابق وقت پر مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ سنگور آبی ذخیرے سے پانی کی سربراہی کے سلسلے میں تیار کی جانے والی تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع منصوبہ تیار کیا جائے اور عوام کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ کلکٹر نے واضح کیا کہ سرکاری اسکیموں پر عمل آوری میں لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی اور عہدیدار میدانی سطح پر نگرانی میں اضافہ کریں۔ انہوں نے مویشیوں کے تحفظ، کسانوں کی آمدنی میں اضافے اور دیہی مزدوروں کو روزگار کی فراہمی کو ترجیح دیتے ہوئے تمام محکمہ جات کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے اور مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اس ٹیلی کانفرنس میں ایڈیشنل کلکٹر مقامی ادارہ جات این وائی گری، ضلع دیہی ترقیاتی افسر دامودھر ریڈی، محکمہ ہاؤزنگ کے عہدیدار وجئے پال ریڈی، دیہی آبی سربراہی محکمہ کے عہدیدار رمیش، ضلع جنگلاتی افسر سورج، ریونیو ڈویژنل افسران، ضلع قبائلی ترقیاتی افسر، ایڈیشنل ضلع سروے و اراضی ریکارڈ افسر، منڈل خصوصی عہدیداران، کلکٹریٹ سپرنٹنڈنٹ، تحصیلدار، منڈل پریشد ترقیاتی افسران، محکمہ ہاؤزنگ کے انجینئرنگ عہدیداران اور دیگر نے شرکت کی۔
