کے ٹی آر، جگن اور وجئے کی مشاورت، 5 ریاستوں کے مشترکہ پلیٹ فارم کی تجویز

ملکی سیاست میں جنوبی ہند کو مرکز بنا کر نئی سیاسی صف بندیوں کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ علاقائی جماعتوں میں یہ رائے ظاہر کی جا رہی ہے کہ لوک سبھا حلقوں کی ازسرِنو حد بندی، آبادی کی بنیاد پر سیاسی نمائندگی اور مرکزی فنڈز کی تقسیم جیسے اہم معاملات میں جنوبی ریاستوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ایک مشترکہ سیاسی پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔ اس پس منظر میں سیاسی حلقوں میں یہ بحث جاری ہے کہ تلنگانہ کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کے سیاسی تجربے اور تمل ناڈو میں ٹی وی کے کے سربراہ وجے کی عوامی مقبولیت کو یکجا کرتے ہوئے جنوبی محاذ کے قیام کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ایسا اتحاد بنانے کی تجاویز سننے میں آ رہی ہیں جس میں کے سی آر چیئرمین اور وجے کنوینر کے طور پر کام کریں۔ تمل ناڈو میں ابتدائی مشاورت ہونے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ تاہم سیاسی تجزیہ کاروں کی رائے ہے کہ جنوبی ریاستوں کے سیاسی اور معاشی مفادات کا تحفظ ہی نئے اتحاد کے خیال کی بنیادی وجہ ہے۔ جنوبی ہند کی سیاست میں تمل ناڈو ایک بار پھر اہم مذاکرات کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ چنئی کے لیلا پیلس میں 5 نومبر کو وائی ایس انیل ریڈی کے خاندان کی شادی کی تقریب میں ٹی وی کے کے سربراہ وجے، آندھرا پردیش کے سابق وزیرِ اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی اور بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی آر کی شرکت کے موقع پر رہنماؤں کے درمیان جنوبی ریاستوں کے حقوق کے تحفظ اور مستقبل کی سیاسی صف بندیوں پر بات چیت ہونے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
