بی ایس پی سپریمو مایا وتی نے بھتیجہ آکاش آنند کو نیشنل کوآرڈینیٹر کے عہدہ سے ہٹایا

n6067121721715120460038009400466aa7511369abea97c87c6130c3ee520e46a1657329c263dc06697c1f

بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے منگل کی رات اپنے بھتیجے آکاش آنند کے خلاف بڑی کارروائی کی۔ مایاوتی نے آکاش آنند کو نیشنل کوآرڈینیٹر کے عہدے سے ہٹا دیا۔ بی ایس پی کے جانشین ہونے کی ذمہ داری بھی آکاش آنند سے چھین لی گئی۔ بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے ٹویٹ کر کے اس کی جانکاری دی۔ مایاوتی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ معلوم ہے کہ بی ایس پی ایک پارٹی ہونے کے ساتھ ساتھ بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی عزت نفس اور سماجی تبدیلی کی تحریک بھی ہے، جس کے لیے میں اور کانشی رام نے اپنی پوری زندگی وقف کر دی ہے۔ نئی نسل کو بھی اس میں تیزی لانے کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ اسی سلسلے میں پارٹی میں دیگر لوگوں کو آگے بڑھانے کے ساتھ ہی انہوں نے آکاش آنند کو نیشنل کوآرڈینیٹر اور ان کا جانشین اعلان کیا، لیکن پارٹی اور تحریک کے وسیع تر مفاد میں مکمل پختگی آنے تک انہیں ابھی ان دونوں اہم ذمہ داریوں سے الگ کیا جارہا ہے جبکہ ان کے والد آنند کمار پارٹی و تحریک میں اپنی ذمہ داری پہلے کی طرح ہی نبھاتے رہیں گے ۔ بی ایس پی کی قیادت پارٹی اور تحریک کے مفاد میں اور بابا صاحب ڈاکٹر امبیڈکر کے کارواں کو آگے لے جانے میں ہر قسم کی قربانی دینے سے پیچھے نہیں ہٹنے والی ہے۔ 28 اپریل کو آکاش آنند نے سیتا پور کی ریلی میں جو تقریر کی تھی، اس کے بعد ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ یہی نہیں مایاوتی نے انہیں انتخابی مہم سے ہٹا دیا تھا۔ اب انہیں بی ایس پی کے سبھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے اور جانشین کا عہدہ بھی چھین لیا گیا ہے۔