راہول گاندھی نے ہاتھرس متاثرین کے تعلق سے یوگی کو خط لکھا

RAHUL-GANDHI-YOGI-ADITYANAT

کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے ہاتھرس بھگدڑ کے متاثرین کی تکلیف کے حوالے سے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر مالی امداد میں اضافہ کرکے جلد از جلد ان کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے اور واقعہ کے لئے مقامی انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ گاندھی نے لکھا کہ انہوں نے بھگدڑ حادثے سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے ان کی تکلیف محسوس کرکے ان مسائل کو سمجھنے کی کوشش کی ہے اور اس مسئلہ سے واقف کراتے ہوئے ان کی مالی امداد میں اضافہ کرنے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے سوگوار خاندانوں کو جلد از جلد امداد فراہم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں انہیں اجتماعی ہمدردی اور امداد کی ضرورت ہے اور انہیں بلا تاخیر مزید فنڈز فراہم کیے جائیں۔ کانگریس لیڈر نے اس واقعہ کے لئے مقامی انتظامیہ کی لاپرواہی کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دے کر لوگوں کو انصاف ملنا چاہئے۔ غور طلب ہے کہ 2 جولائی کو ہاتھرس میں ستسنگ کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی جس میں 120 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ واقعہ کے بعد مسٹر گاندھی نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان سے بات کی۔