رانی کمودنی تلنگانہ کی الیکشن کمشنر مقرر

حکومت نے محترمہ رانی کمودنی آئی اے ایس ریٹائرڈ کو تلنگانہ الیکشن کمشنر نامزد کرنے کا فیصلہ کرکے احکام جاری کئے ہیں۔ احکامات کے مطابق محترمہ رانی کمودنی کو مسٹر پارتھا سارتھی الیکشن کمشنر کی معیاد مکمل ہونے کے بعد یہ ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ 1988 بیاچ سے تعلق رکھنے والی محترمہ رانی کمودنی ریاستی و مرکزی حکومت کے مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دے چکی ہیں اور اسپیشل چیف سیکریٹری کے عہدہ پر وہ سبکدوش ہوئی تھیں لیکن ان کی خدمات میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا تھا اور 2023میں ان کی خدمات میں توسیع کے بعد اب حکومت نے انہیں ریاستی الیکشن کمشنر کی ذمہ داری حوالہ کی ہے۔ سابق الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی جاریہ ماہ کی 8 تاریخ کو اپنی خدمات سے سبکدوش ہوچکے تھے ۔ اس کے بعد سے الیکشن کمشنر کا عہدہ مخلوعہ تھا۔ حکومت نے محترمہ رانی کمودنی کو الیکشن کمشنر مقرر کرنے احکام کے ساتھ ویجلنس کمشنر کے عہدہ پر بھی تقررکے احکام جاری کئے ہیں۔ تلنگانہ ویجلنس کمشنر کے عہدہ پر ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار مسٹر ایم جی گوپال کو نامزد کرنے کا فیصلہ کیا اور احکامات کی اجرائی بھی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ مسٹر ایم جی گوپال جو کہ 1983بیاچ سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس عہدیدار ہیں اور وظیفہ پر سبکدوش ہوچکے ہیں انہیں ویجلنس کمشنر بنایا گیا ہے ۔ گوپال اپنے دور ملازمت میں ریاستی و مرکزی محکمہ جات میں کام کر چکے ہیں۔
