پاکستان کے خیبر پختونخوا میں مسلح افراد نے 16 مزدوروں کو کیا اغوا

پاکستان کے شورش زدہ صوبہ خیبر پختونخوا میں جمعرات کو مسلح افراد نے کم از کم 16 مزدوروں کو اغوا کر لیا۔ مقامی پولیس نے یہ اطلاع دی۔ یہ مزدور ایک سرکاری ادارے میں کام کرتے تھے اور انہیں اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ ایک گاڑی میں تعمیراتی مقام پر جا رہے تھے۔ اغوا کاروں نے بعد ازاں کبال خیل ایریا میں گاڑی کو آگ لگا دی۔ کسی گروپ نے اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)اس علاقے میں سرگرم ہے اور ماضی میں بھی ایسے واقعات میں ملوث رہی ہے۔ ٹی ٹی پی کو القاعدہ کے قریب سمجھا جاتا ہے اور اس کی تشکیل 2007 میں کئی دہشت گرد تنظیموں کو ملا کر کی گئی تھی۔ اس تنظیم کو پاکستان میں کئی مہلک حملوں کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے۔ ایک اور واقعے میں بم ڈسپوزل یونٹ نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں محبوب زیارت چیک پوسٹ کے قریب رکھے گئے 25 کلو وزنی بم کو ناکارہ بنا دیا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ بم اس راستے پر نصب کیا گیا تھا جس سے سکیورٹی فورسز کا قافلہ گزرنا تھا۔
