جوبلی ہلز ضمنی انتخاب، نوین یادو کانگریس کے امیدوار

naveen-yadav

کانگریس پارٹی نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لئے نوین یادو کو پارٹی کا امیدوار بنانے کا سرکاری طور پر اعلان کردیا ہے جس کے بعد کانگریس امیدوار کے تعلق سے پارٹی اور سیاسی حلقوں میں جو تجسس تھا وہ ختم ہوگیا ہے۔ صدر کل ہند کانگریس کمیٹی ملکارجن کھرگے کی منظوری کے بعد پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے اس سلسلے میں احکامات جاری کئے ہیں۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لئے کانگریس پارٹی کے کئی قائدین دعویدار تھے اور ہرکوئی اپنی کوشش کررہا تھا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے انچارج وزراء کا ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے امیدوار کے نام کی سفارش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ وزراء کی رپورٹ کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ہائی کمان کو روانہ کردیا تھا۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے سے مزاج پرسی کرنے کے لئے بنگلورو میں ملاقات کی تھی تب ہی انہوں نے نوین یادو کو امیدوار بنانے کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ آج شام سرکاری طور پر اس کا اعلان کردیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی ابتداء سے جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں بی سی امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارنے کا اشارہ دے رہی تھی۔ کانگریس کے قائد نوین یادو نے انہیں امیدوار بنانے پر پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھرگے، قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی، چیف منسٹر ریونت ریڈی، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ سے اظہار تشکر کیا ہے۔