ڈیجیٹل ادائیگی کیلئے فنگر پرنٹ اور چہرہ شناسی کی سہولت

9last_1

حکومت نے یو پی آئی کے ذریعہ رقومات کی ادائیگی اور رقمی معاملات کو آسان بنانے کیلئے موجودہ پن کوڈ کی سہولت میں ترمیم کرتے ہوئے فنگر پرنٹ اور چہرہ شناسی کو متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام سے یو پی اے یوزرس کو رقمی ادائیگی میں سہولت ہوگی۔ یونیفائیڈ پیپمنٹ انٹرفیس یعنی یو پی آئی معاملات کے ذریعہ ڈیجیٹل پیپمنٹ کی سہولت سے عوام استفادہ کر رہے ہیں۔ یو پی آئی یوزرس کو ڈیجیٹل پیپمنٹ کیلئے فنگر پرنٹ یا چہرہ شناسی طریقہ کار سے استفادہ کی سہولت رہے گی۔ انہیں ہر رقمی معاملت کیلئے پرسنل آئڈینٹیفیکشن نمبر (PIN) انٹر کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ فینانشیل سرویسز کے سکریٹری ایم ناگاراجو نے ممبئی میں منعقدہ گلوبل فنٹیک فیسٹ 2025 میں اس بات کا انکشاف کیا۔ ابتداء میں نئی سہولت سے 5000 روپئے تک کی ادائیگی کی سہولت رہے گی اور ادائیگی کی لمٹ میں اضافہ کے بارے میں بعد میں غور کیا جائے گا۔ یو پی آئی ایپ کے تحت درکار پن حاصل کرنے کیلئے ڈبٹ کارڈ کی تفصیلات یا آدھار کارڈ کی ضرورت پڑتی ہے۔ ادائیگی میں مزید آسانی اور تیزی پیدا کرنے کیلئے پن کے بجائے نئی سہولتیں متعارف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نئی سہولت سے استفادہ کیلئے متعلقہ بینکوں کو ٹکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت پڑے گی۔ یو پی آئی خدمات کے تحت صارفین کو وقفہ وقفہ سے رقمی معاملات کو انجام دینا ضروری ہے ، اگر کسی نے 90 دن تک کوئی معاملت نہیں کی تو اس کا اکاؤنٹ غیر کارکرد کے طور پر شمار کیا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل پیمنٹ کے معاملہ میں نئی سہولت سے عوام کو فائدہ ہوگا۔