تلنگانہ کے 6 اضلاع میں آج پلس پولیو پروگرام

ملک میں پولیو کے کیسیس صفر ہونے کے باوجود مرکزی حکومت اس پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش میں پلس پولیو کے کیسیس درج ہونے کے بعد مرکزی حکومت نے ملک میں چوکسی اختیار کی ہے۔ پلس پولیو ویکسین کا اسپیشل پروگرام شروع کیا ہے۔ ملک کے 290 اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں ریاست تلنگانہ سے 5 اضلاع حیدرآباد، رنگاریڈی، میڑچل، سنگاریڈی اور ہنمکنڈہ شامل ہیں۔ ان 5 اضلاع کے علاوہ ضلع ورنگل کے شہری علاقوں میں اتوار کو ویکسینیشن اسپیشل ڈرائیو شروع کیا جارہا ہے۔ ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے اس کے لئے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ ان 6 اضلاع میں 0-5 سال کی عمر کے 17,56,789 بچے ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان تمام بچوں کو خصوصی مہم کے دوران پلس پولیو ویکسین ڈالی جائے گی۔ نومولود سے 5 سال تک کے عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کی عوام سے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے اپیل کی ہے۔
