تلنگانہ میں اپروچ سڑکوں کی تعمیر کیلئے 148 کروڑ کی منظوری

10-copy-2

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں طویل عرصہ سے زیر التواء بریجس اور اپروچ روڈس کی تعمیر کا کام فوری مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تین سال قبل تعمیر کئے گئے کئی بریجس اپروچ روڈس کی عدم تعمیر کے نتیجہ میں استعمال سے قاصر ہیں۔ بھٹی وکرمارکا نے انفراسٹرکچر کے مسئلہ پر کابینی سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی ۔ سب کمیٹی کے ارکان ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سریدھر بابو کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ بریجس سے رابطہ سڑکوں کو مربوط کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولتیں حاصل ہوں۔ بھٹی وکرمارکا نے اعلان کیا کہ سب کمیٹی نے اپروچ روڈس کی تعمیر کیلئے 148 کروڑ جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر کے سلسلہ میں تجاویز قواعد کے مطابق پیش کی جائیں تو تعمیری کام جلد مکمل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ فینانس کو روانہ کردہ تجاویز کا سب کمیٹی جائزہ لے گی۔ مانسون کی آمد سے قبل اپروچ روڈس کی تعمیر 8 جون تک مکمل کرلیں۔ وزیر عمارات و شوارع وینکٹ ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ہفتہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تعمیری کاموں کی نگرانی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈرس کے الاٹمنٹ اور کاموں کی تکمیل میں شفافیت ہونی چاہئے۔ کابینی سب کمیٹی نے انفراسٹرکچر کے شعبہ میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ ، اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج ، ڈپٹی چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری کرشنا بھاسکر اور دوسروں نے شرکت کی ۔