موسم گرما میں برقی کی مؤثر سربراہی کیلئے بھٹی وکرامارکا کی ہدایت

Pp42

ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر برقی بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ عوام کو کسی دشواری کے بغیر بلا رکاوٹ برقی کی سربراہی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تلنگانہ میں موسم گرما کی شدت کے نتیجہ میں برقی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ باوجود اس کے تمام شعبہ جات کو بلاوقفہ برقی سربراہی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے تلنگانہ کے بشمول ملک بھر میں برقی کی طلب میں تیزی سے اضافہ کی صورتحال کے پس منظر میں محکمہ برقی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ریاست کی سربراہی موقف کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ موسم گرما کی شدت کے نتیجہ میں ایرکنڈیشنر اور کولرس کے استعمال میں مکانات اور دفاتر میں اضافہ ہوا ہے۔ پاور گرڈ پر اضافی دباؤ کے باوجود گھریلو، زرعی اور صنعتی شعبہ کے لئے مؤثر برقی سربراہی جاری ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں کو پابند کیاکہ ہاسپٹلس، پانی کی سربراہی اسکیمات اور دیگر بنیادی ضرورتوں کے لئے سربراہی میں کوئی رکاوٹ نہ ہونے پائے۔ اعلیٰ عہدیداروں کو سربراہی پر راست نگرانی کرنی چاہئے۔ اُنوھں نے کہاکہ برقی پیداوار کے تمام یونٹس کو کارکرد رکھا جائے تاکہ برقی طلب کی تکمیل کی جاسکے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ درجہ حرارت میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ کا امکان ہے لہذا برقی اداروں کو پہلے سے ہی ایکشن پلان تیار کرنا چاہئے۔ عہدیداروں نے کہاکہ ریاست میں برقی نظام مستحکم ہے اور کسی بھی چیالنج سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ برقی تیاری اور سربراہی کی مؤثر نگرانی کرتے ہوئے تمام زمرہ جات کو معیاری سربراہی یقینی بنائی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت موسم گرما میں عوام کو کسی دشواری کے بغیر سربراہی کے حق میں ہے۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری انرجی نوین متل، صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو کرشنا بھاسکر، صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر جینکو ہریش، صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی جتیش وی پاٹل اور دوسروں نے شرکت کی۔