وی ہنمنت راؤ تلنگانہ حکومت کے مشیر برائے بی سی ویلفیر

تلنگانہ حکومت نے کانگریس کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ کو مشیر برائے بی سی ویلفیر مقرر کیا ہے۔ اِس سلسلہ میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ نے جی او آر ٹی 560 جاری کیا۔ وی ہنمنت راؤ کو منسٹر آف اسٹیٹ رینک کے ساتھ پسماندہ طبقات کی بہبود کا مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد ہنمنت راؤ کو کوئی سرکاری عہدہ حاصل نہیں ہوا اور وہ راجیہ سبھا کی نشست کے لئے مساعی کررہے تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہنمنت راؤ کو فون کرتے ہوئے حکومت کے مشیر کے عہدہ کو قبول کرنے کی ترغیب دی۔ جی او کے مطابق ہنمنت راؤ کی تنخواہ، خصوصی الاؤنس ملاکر جملہ ایک لاکھ روپئے رہیں گے۔ ایچ آر اے کے تحت 50 ہزار روپئے دیئے جائیں گے۔ ذاتی کار کے استعمال کی صورت میں سفری اخراجات ماہانہ 30 ہزار اور ایندھن کے چارجس 15 ہزار روپئے رہیں گے۔ میڈیکل ری ایمبرسمنٹ وزراء کے مساعی رہے گا۔ حکومت نے مشیر برائے بی سی ویلفیر کے لئے ایک پرائیوٹ سکریٹری، ایک ڈی ای او، 2 سب آرڈینیٹس، سرکاری گاڑی کے ساتھ ایک ڈرائیور الاٹ کیا ہے۔ ہنمنت راؤ کو قیامگاہ پر فون دیا جائے گا اور موبائیل فون کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ یہ تمام اخراجات محکمہ بی سی ویلفیر کے بجٹ سے ادا کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ او بی سی طبقات کے لئے جدوجہد کرنے والے وی ہنمنت راؤ نے گزشتہ دنوں نئی دہلی میں راہول گاندھی سے ملاقات کی تھی جس کے بعد اُن کے تقرر کا فیصلہ کیا گیا۔ ہنمنت راؤ 50 سال سے زائد عرصہ سے کانگریس پارٹی سے وابستہ ہیں اور وہ سابق میں رکن اسمبلی، رکن راجیہ سبھا، صدر پردیش کانگریس، وزیر اسپورٹس اور او بی سی ارکان پارلیمنٹ فورم کے صدرنشین رہ چکے ہیں۔ ہنمنت راؤ کا شمار گاندھی خاندان کے انتہائی وفادار قائدین میں ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ حکومت نے تاحال 10 مشیران کا تقرر کیا ہے۔ حکومت کے دیگر مشیران میں ڈاکٹر کے کیشو راؤ (عوامی اُمور)، ہرکارا وینو گوپال راؤ (پروٹوکول اینڈ پبلک ریلیشن)، آدتیہ ناتھ داس آئی اے ایس (ایریگیشن اینڈ واٹر ریسورسیس)، پوچارم سرینواس ریڈی (زراعت)، اے پی جیتندر ریڈی (اسپورٹس افیئرس)، پی سدرشن ریڈی (فلیگ شپ پروگرامس)، این وی ایس ریڈی (اربن ڈیولپمنٹ)، بی شیودھر ریڈی (اسٹیٹ سکیوریٹی) اور ڈاکٹر ملو روی (خصوصی نمائندہ نئی دہلی) شامل ہیں۔
