ٹرمپ کا جنگ بندی کے خاتمہ اور ایران پر دوبارہ حملے شروع کرنے کا اشارہ

Amrica-Sadar-Ka-Jang-Bandi-Ka-Khatma

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کے خاتمے اور ایران پر دوبارہ حملوں کا اشارہ دیدیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ممکنہ طور پر جنگ بندی کے خاتمے سے متعلق سوال پر جواب دیا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس کی ضرورت ہے لیکن شاید پڑ بھی سکتی ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ایران کے خلاف فوجی آپریشن بہت پہلے شروع کر دینا چاہیے تھا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے ایران کی 90 فیصد میزائل کی فیکٹریاں تباہ کر دیں، ایران پر لگائی گئی پابندیں کامیاب ہیں، ایران کی معیشت تباہ ہوتی جارہی ہے ، ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا اور ایران معاہدہ کرنے کیلئے بیتاب ہے ۔ صدر ٹرمپ بولے ایرانی قیادت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال ایک بڑا مسئلہ ہے کیونکہ کسی کو معلوم نہیں کہ وہاں اصل لیڈر کون ہے ۔ امریکی صدر نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ ایران کو فٹبال ورلڈکپ میں شرکت کی اجازت دینی چاہیے ۔ امریکی صدر نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کے وزیراعظم کا ذکر کیا اور کہا کہ میں نے 8 جنگیں رکوائیں، پاکستان اور ہندوستان کی جنگ بھی اس میں شامل ہے ۔ صدر ٹرمپ بولے پاکستان اور ہندوستان کی جنگ میں 11 طیارے گر چکے تھے ، وزیراعظم پاکستان نے مجھ سے کہا کہ میں نے 3 سے 5 کروڑ انسانوں کی جانیں بچائی ہیں۔ امریکی صدر نے کہا ایران جنگ ختم ہوتے ہی تیل وگیس کی قیمتیں فوراً کم ہوجائیں گی، انہوں نے آبنائے ہرمز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم آبنائے ہرمز استعمال نہیں کرتے ، ہمارے پاس بہت تیل ہے ۔

ایران میں آپریشن ختم ہونے کے بعد تیل کی قیمتیں گرجائیں گی:ٹرمپ
واشنگٹن، یکم مئی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی ناکہ بندی کے باعث ایران تیل سے پیسہ نہیں کما پا رہا، ایران میں آپریشن ختم ہونے کے بعد تیل کی قیمتیں گر جائیں گی۔ میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، گزشتہ جون کے حملوں نے ایران کی جوہری صلاحیت تباہ کر دی ہم نے ایران کی 90 فیصد میزائل فیکٹریاں تباہ کر دیں اب ایران بہت بری حالت میں ہے اور ان کے لیڈرز کو ختم ہو گئے ہم نہیں جانتے کہ ایران پر کون حکومت کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی معیشت تباہ ہو رہی ہے ایران پر پابندیاں کامیاب ہیں اور وہ اپنا تیل نہیں بیچ سکتا، امریکی ناکہ بندی کے باعث ایران تیل سے پیسہ نہیں کما پا رہا، ایران میں آپریشن ختم ہونے کے بعد تیل کی قیمتیں گر جائیں گی، میں صرف اتنا بتا سکتا ہوں ایران معاہدہ کرنے کیلئے بے چین ہے ایران ایک معاہدہ کرنا چاہتا ہے ۔ امریکی صدر نے کہا کہ مجھے فیفا ورلڈکپ میں ایران کی شرکت پر کوئی اعتراض نہیں لیکن میرے خیال میں ہمیں ایران کو امریکا میں فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کی اجازت دینی چاہیے یہ فیفا پر منحصر ہے کہ ایران ورلڈ کپ میں شرکت کرتاہے یا نہیں۔

نوبیل امن انعام 2026ء
ٹرمپ کا نام بھی نامزدگیوں میں شامل
اوسلو : یکم مئی ( یو این آئی ) ناروے کی نوبیل کمیٹی کے مطابق 2026 ء کے نوبیل امن انعام کے لیے مجموعی طور پر 287 امیدواروں کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام بھی ممکنہ طور پر شامل ہو سکتا ہے۔ناروے کی نوبیل کمیٹی کے سیکریٹری کرسٹن برگ ہارپیکن کا کہنا ہے کہ 2026ء￿ کے نوبیل امن انعام کے لیے نامزدگیوں میں 208 افراد اور 79 تنظیمیں شامل ہیں اور گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال کئی نئے نام سامنے آئے ہیں۔جنوری 2025ء میں نوبیل کمیٹی کے سیکریٹری کا عہدہ سنبھالنے والے کرسٹن برگ ہارپیکن نے ایک انٹرویو میں کہا کہ چونکہ میں اس عہدے پر نیا ہوں، اس لیے مجھے یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ ہر سال فہرست میں کتنی تبدیلی آتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں بڑھتے تنازعات اور بین الاقوامی تعاون پر دباؤ کے باوجود یہ انعام اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ ایسے دور میں امن انعام کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے، اور مثبت کام پہلے سے زیادہ ہو رہا ہے۔