کانگریس آئندہ 20 سال تک اقتدار میں نہیں آئے گی : کے ٹی آر

TOP_15-2

بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست میں کانگریس دوبارہ برسراقتدار نہیں آئے گی۔ ڈھائی سالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت سے مطمئن نہیں ہیں۔ جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے بی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ کے ٹی آر نے آج اپنی قیامگاہ نندی نگر میں متحدہ ضلع رنگاریڈی کے بی آر ایس قائدین اور عوامی منتخب نمائندوں کا اجلاس منعقد کیا جس میں ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال، پارٹی کے استحکام اور آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حالیہ پارٹی کے یوم تاسیس اجلاس میں پارٹی کے سربراہ کے سی آر نے پارٹی کو دیہاتوں سے ریاستی سطح تک مستحکم کرنے پارٹی کی رکنیت سازی کی مہم اور نئی کمیٹیوں کی تشکیل کی ذمہ داری پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کو سونپی ہے جس پر کے ٹی آر نے متحدہ ضلع رنگاریڈی کے بی آر ایس قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ بلدیاتی اور میونسپل انتخابات میں بہتر کارکردگی دکھانے والے قائدین کو مبارکباد دی اور آنے والے کارپوریشن انتخابات کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کردینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ کانگریس حکومت کی ناکامیوں اور عوامی مسائل پر خاموشی کے بجائے اس کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ کانگریس حکومت کے ڈھائی سالہ دور میں ہونے والی بدعنوانی اور گھوٹالوں کو دیکھ کر تلنگانہ کے عوام آئندہ 20 سال تک کانگریس کو ووٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے بی جے پی کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ کی شدید مذمت کی اور پارٹی کارکنوں کو گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ریاست بھر میں احتجاج کرنے پر زور دیا۔ اس اجلاس میں ووٹر لسٹ کی نظرثانی (SIR) پروگرام کے تحت کی جانے والی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔