تلنگانہ میں ایس آئی آر مہم کیلئے عہدیداروں کو متحرک کرنے کی مساعی

TOP_21-1

تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم (SIR) کے ضمن میں ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ وی وینکٹیشور ریڈی آئی اے ایس نے 6 اضلاع کے 28 اسمبلی حلقہ جات کے الیکٹورل ریٹرننگ آفیسرس اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی ، سنگا ریڈی ، میڑچل ، نظام آباد اور کھمم اضلاع کے 28 اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہندوں کی میاپنگ کا کام 50 فیصد سے کم درج کیا گیا ہے ۔ ویڈیو کانفرنس میں مجوزہ خصوصی مہم کے علاوہ رائے دہندوںکی میاپنگ اور ناموں کی شمولیت اور اخراج کے لئے درخواستوں کے حصول کا جائزہ لیا گیا ۔ ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ 2025 فہرست رائے دہندگان کے تمام اہل ووٹرس کو 2002 کی فہرست سے تقابل کرتے ہوئے میاپنگ کی جائے۔ بوتھ لیول آفیسرس کو گھرگھر پہنچ کر رائے دہندوں کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے میاپنگ کا کام تیزی سے مکمل کرنا چاہئے ۔ وینکٹیشور ریڈی نے بوتھ لیول ایجنٹس کو اس کام میں بطور معاون ثابت کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ریسیڈنشیل ویلفیر اسوسی ایشنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے میاپنگ کے کام کی تکمیل کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر مہم کے ذریعہ متوفی ، ایک سے زائد مقامات پر ناموں کے اندراج اور دیگر مقامات منتقل ہونے والے رائے دہندوں کی نشاندہی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق اہم شخصیتوں کے ناموں کی شمولیت کے لئے عہدیداروں کو توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ انہوں نے ایکشن پلان کے مطابق نشانہ کی تکمیل کی ہدایت دی اور کہا کہ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ الیکٹورل آفیسرس پر زائد ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ ویڈیو کانفرنس میں 6 اضلاع کے 28 اسمبلی حلقہ جات میں میاپنگ کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔