15 لاکھ غریب خاندان کو 5 لاکھ کا انشورنس، 2 جون سے اسکیم کا آغاز

TOP-10-1

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابات کے موقع پر عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کی تکمیل کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گزشتہ ڈھائی برسوں میں کئی اہم وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے غریبوں کی زندگی میں خوشحالی پیدا کی گئی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ 2 جون کو یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر اندراماں انشورنس اسکیم کا آغاز کیا جائے گا۔ مذہب اور ذات پات سے بالاتر ہوکر ریاست میں 15 لاکھ غریب خاندانوں کو اندراماں انشورنس کے تحت تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں خودکشی کرنے والے کسانوں کے پسماندگان کو ایک لاکھ روپے کی امداد کے لئے دفاتر کے چکر کاٹنے پڑے پھر بھی امداد جاری نہیں کی گئی۔ غریبوں کو اس طرح کی صورتحال سے بچانے کے لئے حکومت نے انشورنس اسکیم متعارف کی ہے اور ہر گھر میں 5 لاکھ روپے کا انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیدار جلد ہی ہر گھر پہنچ کر تفصیلات حاصل کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے انہیں صنعت کار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 مئی کو کھمم کے مدھیرا اسمبلی حلقہ میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو سولار پاور پلانٹس الاٹ کرنے کی اسکیم کا آغاز ہوگا۔ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو ہر سال 20 ہزار کروڑ بلاسودی قرض فراہم کیا جارہا ہے۔ ضرورت پڑنے پر قرض کی رقم میں اضافہ کرتے ہوئے ایک لاکھ کروڑ کیا جائے گا۔ خواتین کو ریاست میں آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت حاصل ہے۔ عنقریب خواتین کے گروپس کو 550 آر ٹی سی بسیں الاٹ کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی ایک کروڑ خواتین کو کروڑ پتی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ راشن کارڈ پر باریک چاول کی تقسیم کا حوالہ دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ مارکٹ میں 50 تا 55 روپے فی کیلو چاول ایک کروڑ 6 لاکھ خاندانوں کو فی کس 6 کیلو کے حساب سے مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اسکیم سے ریاست میں 53 لاکھ خاندانوں کو فائدہ پہنچا۔ اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت ریاست بھر میں 4.50 لاکھ مکانات منظور کئے گئے اور مکان کی تعمیر کے لئے 5 لاکھ کی امداد دی جارہی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں مزید 2 لاکھ مکانات کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو جھونپڑیوں سے پاک ریاست میں تبدیل کیا جائے گا۔ اسکولوں کی طرح جونیر کالجس میں بریک فاسٹ اور میڈ ڈے میل اسکیم متعارف کی جارہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن پر تنقید کی اور کہا کہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کو برداشت نہ کرتے ہوئے مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کا کوئی بھی گھر حکومت کی اسکیمات کے فوائد سے محروم نہیں رہے گا۔ بھٹی وکرامارکا نے کھمم ضلع میں پرجاپالنا پروگرام کے تحت مختلف ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا۔