ممبئی ہندوستان کا مہنگا شہر، روزانہ کا خرچ دوہزار سے تجاوز

ملک میں مہنگائی کی شرح میں تیزی سے اضافہ کے نتیجہ میں عوام کی روز مرہ کی ضروریات کی تکمیل کیلئے مقررہ اخراجات میں اضافہ ہوا ہے ۔ بڑے شہروں میں مقامی سہولتوں کے اعتبار سے روز مرہ کے مصارف میں اضافہ ہوا ہے جبکہ چھوٹے شہروں میں اخراجات قابل لحاظ طور پر کم ہیں۔ ملک کے میٹرو شہروں میں عوام کے روزانہ کے اوسط مصارف میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران ملک میں پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کا رجحان ہے جس کے نتیجہ میں اشیائے مایحتاج کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں جس کا اثر عام آدمی کے روزانہ کے اخراجات پر پڑ رہا ہے ۔ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں متواتر تین مرتبہ اضافہ ہوا اور معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ اضافی بوجھ حکومت کو نہیں بلکہ عوام کو برداشت کرنا پڑے گا۔ ملک کے مہنگے اور سستے شہروں کا سروے کیا گیا تاکہ ایک عام آدمی کی ضروریات کی تکمیل کیلئے اوسطاً ایک دن کے خرچ کا تعین کیا جاسکے۔ متوسط طبقات سے وابستہ افراد کا انفرادی خرچ شہروں اور وہاں کی سہولتوں کے مطابق پایا گیا ہے۔ ممبئی کا شمار ملک کے مہنگے شہر کے طور پر ہوا ہے جہاں ایک دن کے اخراجات 2340 روپئے تک ہوسکتے ہیں۔ بڑھتی مہنگائی کے نتیجہ میں ایک اوسط خاندان کو روزانہ اپنی ضروریات کی تکمیل کے سلسلہ میں کم از کم 2000 روپئے خرچ کرنے پڑسکتے ہیں۔ بنگلور میں ایک شخص کیلئے روزانہ کا خرچ 1667 روپئے درج کیا گیا ۔ دہلی این آر سی 1617 روپئے روزانہ خرچ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ پونے میں ایک دن کے اخراجات 1600 روپئے اور حیدرآباد میں 1473 روپئے درج کئے گئے ہیں۔ غذا اور دیگر ضروریات کی تکمیل کے اخراجات کو اس سروے میں شامل کیا گیا۔ ملک کے دوسرے درجہ کے شہروں جیسے جئے پور اور پٹنہ میں زندگی کی ضروریات پر کم خرچ کا انکشاف ہوا ہے۔ پٹنہ ، جئے پور ، کولکتہ کا شمار ان شہروں میں ہیں جہاں مصارف زندگی بڑے اور مصروف شہروں کے مقابلہ کم ہیں۔ سروے میں جن 10شہروں کے اخراجات کا تعین کیا گیا ، ان میں پٹنہ 977 روپئے روزانہ خرچ کے اعتبار سے کم خرچ میں بہتر سہولتوں والے شہر کے طور پر شمار کیا گیا ہے۔
