مسجد پر حملہ، امریکی مسلمان اسلاموفوبیا کیخلاف متحرک

TOP_7-14

امریکہ کے شہر بالٹی مور میں منعقدہ اسلامی سرکل آف نارتھ امریکہ کے سالانہ اجتماع میں 25,000 سے زائد مسلمانوں نے شرکت کی جہاں سان ڈیاگو کی اسلامی عبادت گاہ پر حالیہ فائرنگ کے واقعہ کے بعد اتحاد، سیاسی سرگرمی اور حقوق کے تحفظ پر زور دیا گیا۔ تقریب کے دوران مقررین نے کہا کہ مسلمانوں کو صرف غم منانے کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ مقررین کے مطابق سان ڈیاگو حملے میں شہید ہونے والے افراد نے دوسروں کی جان بچانے کے لیے قربانی دی جسے پوری مسلم برادری کے لیے مثال قرار دیا گیا۔ امریکی اسلامی تعلقات کونسل کی وکیل لینا مصری نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی عبادت، اظہارِ رائے، تنظیم سازی اور فلسطین کی حمایت کے حق کا دفاع کرنا ہو گا۔ کانفرنس میں فلسطین سے اظہارِ یکجہتی نمایاں رہی، شرکاء نے غزہ کے حق میں نعرے لگائے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ مقررین نے امریکہ میں بڑھتے اسلاموفوبیا کو غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں اور فلسطین کی حمایت کرنے والوں کے خلاف دباؤ سے جوڑا ہے۔ کانفرنس کے منتظمین نے بتایا کہ تقریب کی سیکوریٹی کے لیے نجی محافظوں، سیکوریٹی کمپنی اور مقامی پولیس کی مدد لی گئی ہے۔