تلنگانہ میں کسانوں سے 60 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی ریکارڈ خریدی

uttam-kumar-poonam-parbharkar

وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں 60 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی مکمل ہوچکی ہے اور ربیع سیزن میں ملک بھر میں دھان کی پیداوار کا 60 فیصد تلنگانہ حکومت نے کسانوں سے حاصل کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک بھر کی دھان کی پیداوار میں تقریباً 75 فیصد حصہ داری تلنگانہ کی رہے گی۔ تلنگانہ نے کسانوں سے دھان کی خریدی میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ریاستی وزراء پونم پربھاکر، ٹی ناگیشور راؤ اور محمد اظہرالدین کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار نے کہا کہ تلنگانہ غذائی اجناس کی پیداوار میں ہندوستان کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کسانوں سے جو دھان خریدی گئی ان میں 60 فیصد کی حصہ داری تلنگانہ کی ہے اور آئندہ چند دن میں یہ بڑھ کر 75 فیصد ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں ابھی تک 11 تا 12 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی گئی جبکہ تلنگانہ نے 60 لاکھ میٹرک ٹن کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کو تلنگانہ سے زائد دھان سربراہ کی جارہی ہے۔ مرکز نے تلنگانہ سے 52 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی سے اتفاق کیا تھا لیکن مرکز کا رویہ عدم تعاون کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025-26 ربیع سیزن میں 64.36 لاکھ ایکر اراضی پر دھان کی پیداوار ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ مانسون کے آغاز سے قبل دھان کی خریدی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ حکومت نے 8575 خریدی مراکز قائم کئے اور 13 ہزار سے زائد ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا انتظام کیا۔ کسانوں کے اکاؤنٹ میں اقل ترین امدادی قیمت کے تحت 11050 کروڑ منتقل کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کو بارش کے نقصانات سے بچانے اقدامات کر رہی ہے۔ بارش میں بھیگی دھان کو بھی خریدنے کی حکام کو ہدایت دی گئی۔ وزراء نے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر بی جے پی اور بی آر ایس کے الزامات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور سے زیادہ دھان کانگریس دور میں خریدی گئی ہے۔ بی جے پی قائدین اگر واقعی کسانوں کے ہمدرد ہیں تو انہیں دھان کی خریدی کیلئے مرکز پر دباؤ بنانا چاہئے۔