ریونت ریڈی ہٹلر سے متاثر، فاشسٹ نظریات بے نقاب

بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اس بیان پر سخت تنقید کی جس میں انہوں نے کہا کہ جرمنی کے ڈکٹیٹر ہٹلر سے متاثر ہوکر انہوں نے حیڈرا قائم کیا ہے۔ بنگلورو میں انگریزی روزنامہ دی ہندو کے ایک پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وہ ہٹلر کے ادارے حیڈرا سے متاثر ہیں جو کہ کسی کا بھی صفایا کرنے کے اختیارات رکھتا تھا اسی طرز پر سرکاری اراضیات اور جھیلوں پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے لئے حیڈرا قائم کیا گیا ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کا یہ بیان ان کے فاشسٹ نظریات کو پیش کرتا ہے اور سارا ملک کے ان کے نظریات سے واقف ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت کے پیچھے ہٹلر جیسے فاشسٹ نظریات عمل پیرا ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر نے اپنے انداز کارکردگی میں ہٹلر کے نظریات کو اختیار کرنے کا اعتراف کیا ہے اور حیڈرا کی انہدامی کارروائیوں اس کی مثال ہیں۔ کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے قائم کردہ حیڈرا غریبوں کے لئے ایک قاتل ایجنسی ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ہٹلر کے نظریات پر فخر ہے اور وہ غریب اور متوسط طبقات کے مکانات کو منہدم کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سارے ملک کے روبرو چیف منسٹر نے اپنے فاشسٹ نظریات کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت جمہوری اور دستوری اصولوں کے مطابق کام کرتی رہی۔ انہوں نے کانگریس ہائی کمان سے جاننا چاہا کہ کیا وہ ریونت ریڈی کے نظریات سے اتفاق کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام ڈکٹیٹر شپ سے چلنے والی حکومت کو مستردکردیں گے۔
