تلنگانہ کے تمام اضلاع میں آج موسلادھار بارش کی پیش قیاسی

Rain-3

محکمہ موسمیات نے 11جون کو ریاست کے تمام اضلاع میں موسلادھار بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ریاست کے تمام اضلاع کے لئے زرد الرٹ جاری کیا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں آج موسم میں پائی جانے والی گرمی کی شدت کے بعد آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ابر آلود مطلع ‘ بارش اور درجہ حرارت میں گراوٹ کی پیش قیاسی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی اور تیز یا موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ گذشتہ یوم شہر حیدرآباد میں ہوئی 4سینٹی میٹر بارش سے شہر کی سڑکوں کے علاوہ نشیبی علاقوں میں موجود رہائشی علاقوں کی صورتحال انتہائی ابتر ہوگئی تھی اور کئی گھنٹوں تک شہر کی مصروف ترین سڑکوں پر ٹریفک جام کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ماہرین محکمہ موسمیات کے مطابق 11جون کو شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جائے گی ۔ کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جاسکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایاجاتاہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران دونوں شہروں اور نواحی علاقوں میں تیز ہواؤں ‘ گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے امکانات پائے جارہے ہیں اور ابتدائی موسم باراں کے دوران ہونے والی ان بارشوں کو زرعی سرگرمیوں کے لئے سود مند قرار دیا جا رہاہے۔