روڈ نیٹ ورک ترقی میں معاون، دنیا میں امریکہ میں سب سے زیادہ سڑک رابطہ

کسی بھی ملک کی ترقی میں روڈ نیٹ ورک اور ٹرانسپورٹ سسٹم کا اہم رول ہوتا ہے۔ روڈ نیٹ ورک کے ذریعہ علاقوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنے میں مدد ملتی ہے جس کے نتیجہ میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔ بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں روڈ نیٹ ورک کی توسیع پر خصوصی توجہ دی ہے تاکہ صنعتوں کو سامان کے حمل و نقل میں مدد ملے۔ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے ذریعہ علاقوں کو ایک دوسرے سے مربوط کرنا کئی ممالک کیلئے ترقی میں مددگار ثابت ہوا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی میں روڈ نیٹ ورک اور عصری ٹرانسپورٹ سسٹم اہم رول ادا کرتے ہیں۔ روڈ نیٹ ورک کے معاملہ میں دنیا میں امریکہ سرفہرست ہے جہاں 220000 کیلو میٹر روڈ نیٹ ورک دستیاب ہے۔ سڑک کے راستہ علاقوں کو مربوط کرنے میں چین 159000 کیلو میٹر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ روس میں 105000 کیلو میٹر روڈ نیٹ ورک کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تین ترقی یافتہ ممالک کے بعد ہندوستان 70000 کیلو میٹر روڈ نیٹ ورک کے ساتھ دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔ کینیڈا ، جرمنی ، آسٹریلیا ، برازیل اور فرانس جیسے ممالک میں روڈ نیٹ ورک کی توسیع کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ہندوستان نے روڈ کے ساتھ ساتھ ریلوے نیٹ ورک میں توسیع کا بڑے پیمانہ پر منصوبہ تیار کیا ہے۔ فضائی سفر کیلئے درکار وقت میں ٹرین کے ذریعہ اپنی منزل تک پہنچنے میں مدد کیلئے بلٹ ٹرین سسٹم متعارف کیا جارہا ہے جس کے ذریعہ انتہائی تیز رفتار ٹرینیں ملک کی اہم ریاستوں کو مربوط کریں گی۔
