حیدرآباد میٹرو ریل فیس II کی عاجلانہ منظوری کیلئے مرکز سے نمائندگی

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر شہری ترقی منوہر لال کھٹر سے ملاقات کی اور حیدرآباد میٹرو ریل فیس II منصوبہ کو فوری منظوری دینے کی اپیل کی جو طویل عرصہ سے مرکز کے پاس زیر التواء ہے۔ چیف منسٹر نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر سے ملاقات کرتے ہوئے حیدرآباد کیلئے 76.4 کیلو میٹر طویل میٹرو فیس II منصوبہ کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ میٹرو فیس II منصوبہ شہریوں کے سفر کو مزید تیز اور آسان بنائے گا۔ سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی اور شہر کی پائیدار ترقی میں یہ پراجکٹ اہم رول اداکرے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وزارت شہری امور کی جانب سے تجویز کردہ ضروری ترمیمات کو شامل کرتے ہوئے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ مرکز کو روانہ کی گئی ہے ۔ میٹرو ریل فیس II منصوبہ کی اہمیت کے پیش نظر چیف منسٹر نے مرکزی وزیر سے درخواست کی کہ وہ دیگر متعلقہ محکمہ جات سے ضروری منظوریوں کے حصول میں تعاون کریں۔ اس موقع پر چیف سکریٹری تلنگانہ کے رام کرشنا راؤ ، چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج ، سکریٹری فینانس گورو اپل ، حیدرآباد میٹرو ریل لمٹیڈ کے مینجنگ ڈائرکٹر سرفراز احمد اور اسپیشل سکریٹری کوآرڈینیشن ادویت کمار سنگھ موجود تھے۔
