حیڈرا سے تاحال 11 ہزار کروڑ روپئے کے اثاثہ جات کا تحفظ

hydra

حیڈرا‘ سرکاری اثاثہ جات کے تحفظ کے لئے قائم کیا گیا ادارہ ہے اور اس ادارہ کے ذریعہ تاحا ل11ہزار کروڑ مالیت کے سرکاری اثاثہ جات کا تحفظ کیاگیا ہے۔ اے وی رنگاناتھ کمشنر ’حیڈرا‘ نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ادارہ کے قیام سے اب تک 600 کاروائیاں انجام دی گئی ہیں اور ان کاروائیوں کے ذریعہ جن اثاثہ جات کا تحفظ کیاگیا ہے ان میں سرکاری اراضیات ‘ فٹ پاتھ ‘ پارکس‘ گراؤنڈ ‘ کے علاوہ تالاب میں کئے جانے والے قبضہ جات شامل ہیں۔ انہو ںنے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس ادارہ کے قیام کے بعد سے اب تک کی گئی کاروائیوں کا مقصد سرکاری اثاثہ جات کا تحفظ ہے ۔ انہو ںنے واضح کیا کہ ’حیڈرا‘ محض انہدامی کاروائیوں کے لئے قائم کیاگیا ادارہ نہیں ہے بلکہ اس ادارہ کے ذریعہ کئی تالابوں کو خوبصورت بنانے کے اقدامات بھی کئے گئے ہیں جن پر قبضہ جات کے ذریعہ قدرتی وسائل کو نقصان پہنچایا جارہا تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’حیڈرا‘ غیر جانبدرانہ طور پر کاروائیوں کی انجام دہی کے ذریعہ سرکاری اثاثہ جات کے تحفظ کو یقینی بنا رہا ہے اور حکومت نے ’حیڈرا‘ کو مکمل آزادی اور اختیارات فراہم کئے ہیں ۔ رنگا ناتھ نے مزید بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جس مقصد کے تحت ’حیڈرا‘ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اسے پورا کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے۔انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران ’حیڈرا‘ پر عائد کئے جانے والے الزامات اور مخصوص افراد کے خلاف کاروائی کے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت میں سوال کرنے کا حق سب کو حاصل ہے اور کوئی بھی ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں سے سوال کرسکتا ہے لیکن بے بنیاد الزامات عائد کرنے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ اس طرح کے الزامات سے عوام میں اداروں کے متعلق بدظنی پیدا ہونے لگتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’حیڈرا‘ کی جانب سے موسم باراں کے دوران سڑکوں پر ٹریفک جام ‘ پانی جمع ہونے کے سبب پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے علاوہ دیگر مسائل کے حل کے لئے منصوبہ بندی کرنے کیلئے اضافی عملہ کی تعیناتی کو یقینی بنا یا جارہاہے اور عوام کو سہولت پہنچانے کے ساتھ ان میں شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی جار ہی ہے۔