تلنگانہ میں 85 لاکھ مشتبہ اور 5 لاکھ ڈپلیکیٹ ووٹوں کا انکشاف

N2

ریاستی الیکشن کمیشن نے تلنگانہ میں ایک صاف و شفاف اور درست ووٹرلسٹ کی تیاری کیلئے کمر کس لی ہے۔ ریاست میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرثانی (SIR) کے تحت 25 جون سے گھر گھر سروے کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اس مہم کے دوران ریاست میں موجود 85 لاکھ مشتبہ ووٹرس اور 5 لاکھ ڈپلیکیٹ (دوہرے) ووٹوں کی تصدیق کی جائے گی۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے SiR کے شیڈول کی تفصیلات سے واقف کرایا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ سروے کیلئے گھروں کو پہنچنے والے عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ انتخابی نظام کو مزید شفاف بنایا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ SIR مہم کیلئے 25 جون سے 25 جولائی تک BLOs گھر گھر پہنچ کر ووٹرلسٹ کی تصدیق کریں گے۔ 31 جولائی کو مسودہ ووٹرلسٹ جاری کی جائے گی جس پر 30 اگست تک عوام سے اعتراضات اور دعوے قبول کئے جائیں گے۔ 28ستمبر تک اعتراضات کی انکوائری اور حتمی تصدیق کا عمل ہوگا۔ یکم ؍ اکٹوبر 2026ء کو حتمی اور درست ووٹرلسٹ کی باقاعدہ اشاعت ہوگی۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے عوام کے شکوک و شبہات کو دور کرتے ہوئے واضح کیا کہ SIR کا مقصد ووٹرس کے ناموں کو فہرست رائے دہندگان سے خارج کرنا نہیں ہے بلکہ ووٹر لسٹ کو درست کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ووٹر کو اس غلط فہمی میں رہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ اس عمل کے دوران ان کا ووٹ منسوخ کردیا جائے گا۔ جن 85 لاکھ ووٹرس کے بارے میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں اور ان کے پاس کوئی مناسب دستاویزی ثبوت کی عدم موجودگی پر نوٹس جاری کی جائے گی۔ سروے کے دوران ان کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد ہی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ چیف الکٹورل آفیسر نے بتایا کہ درستگی کے اس عمل کو آسان بنانے کیلئے ریاست بھر میں پولنگ اسٹیشنس اور ووٹرس کی میاپنگ جاری ہے جو مجموعی طور پر 70.5 فیصد مکمل ہوچکی ہے۔ دیہی علاقوں میں یہ شرح 80 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے لیکن شہروں میں یہ عمل مکمل ہونا باقی ہے۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ یہ میاپنگ کا عمل محض بی ایل اوز کی آگاہی اور سہولت کیلئے کیا جاتا ہے۔ اگر کسی علاقے میں میاپنگ مکمل نہیں ہوئی تب بھی ووٹرس کا ووٹ ضائع نہیں ہوگا اور شہریوں کی جانب سے بی ایل اوز کو دیئے گئے فارم کو ہی حتمی اور کافی سمجھا جائے گا۔