تلنگانہ کانگریس کے اختلافات پر ہائی کمان کے قریبی حلقوں کی بھی نظر

23last_6

تلنگانہ کانگریس میں اختلافات نہ صرف ریاست کے سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنے ہوئے ہیں بلکہ دہلی میں کانگریس ہائی کمان سے جڑے قائدین بھی ان اختلافات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔بتایا گیا کہ تلنگانہ قائدین جوکہ مخالف حکومت موقف اختیار کئے ہوئے ہیں ان کا کہناہے کہ وہ اپنی پارٹی کی حکومت یا طرز حکمرانی پر اعتراض نہیں کر رہے ہیں بلکہ ان لوگوں کی کارکردگی کو نشانہ بنا رہے ہیں جواپنے طرز کارکردگی سے پارٹی کی ساکھ متاثر کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر جی چنا ریڈی ‘ ریاستی وزیر کونڈا سریکھا اور ان کی دختر و رکن اسمبلی مسٹر کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے اعتراضات کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی کو نشانہ بنانے کے خلاف پارٹی نے سخت موقف اختیار کیا جبکہ صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ پارٹی اور چیف منسٹر کے خلاف بیان دینے والے قائدین کو انتباہ دیتے ہوئے یہ کہہ رہے ہیں کہ پارٹی ان کے خلاف کاروائی سے گریز نہیں کریگی ۔ بتایا گیا کہ مندر بورڈ کی تشکیل کے معاملہ سے شروع ہوئے اختلافات کا حصہ بننے والے دونوں قائدین کونڈا سریکھا و کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کا کہنا ہے کہ یادادری مندر بورڈ کی تشکیل میں ان سے مشاورت نہیں کی گئی اور دونوں ہی قائدین کے اعتراضات کو پارٹی حلقوں میں جائز قرار دیا جا رہاہے کیونکہ یادادری مندر کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے ضلع میں ہے اور کونڈا سریکھا وزیر انڈومنٹ ہیں اس کے باوجود انہیں بورڈ کی تشکیل کا علم نہیں تھا ۔ اسی طرح ڈاکٹر چنا ریڈی جو نہ صرف نائب صدرنشین منصوبہ بندی کمیشن کے عہدہ پر فائز ہیں بلکہ ’پرجا بھون‘ میں پرجا وانی پروگرام میں شکایات کی وصولی کے نگران بھی ہیں اور ان کی پارٹی اور حکومت کی کارکردگی سے ناراضگی نے ہائی کمان کو متفکر کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے تلنگانہ قائدین کے درمیان اختلافات کو ختم کروانے سرکردہ قائدین کو ذمہ داری تفویض کی ہے لیکن چیف منسٹر کے حامی ارکان اسمبلی و کونسل کی جانب سے پارٹی فورم سے پریس کانفرنس کے نتیجہ میں حالات کشیدہ ہونے کی اطلاعات ہیں جس پر ہائی کمان شدید ناراضگی کا اظہار کر رہی ہے ۔ کہا جارہاہے کہ جن ارکان اسمبلی و کونسل نے اپنی پارٹی کی وزیر اور سینیئر قائد کے خلاف پارٹی فورم کا استعمال کرکے برطرفی کا مطالبہ کیا انکی تفصیلات ہائی کمان کو روانہ کی جائیں۔ ذرائع کے مطابق انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے حکومت اور پارٹی کی کارکردگی کا جائزہ لے کر رپورٹ کی تیاری شروع کردی ہے اور جلد ریاست کی صورتحال سے پارٹی ہائی کمان کو واقف کروئیںگی۔