امکانی قلت آب سے نمٹنے کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے

TOP_6-20

ال نینو کے ممکنہ اثرات سے مؤثر طور پر نمٹنے اور آئندہ دنوں میں پینے کے پانی اور برقی سربراہی کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی دشواری پیدا ہونے سے روکنے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرتے ہوئے اس پر سختی سے عمل آوری کی جائے۔ ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی نے متعلقہ عہدیداروں کو یہ ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ربیع سیزن میں دھان کی کاشت سے گریز کے لیے دیہی سطح پر کسانوں میں بڑے پیمانے پر شعور بیدار کیا جائے اور دھان کے بجائے کم پانی میں پیداوار دینے والی متبادل فصلوں کی کاشت کو فروغ دیا جائے۔ کلکٹر ایلا ترپاھٹی نے ضلع کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ال نینو کے ممکنہ اثرات اور ان سے نمٹنے کے لیے اختیار کیے جانے والے اقدامات پر مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے کہا کہ بدلتے موسمی حالات کے پیش نظر آئندہ درپیش ہونے والی صورتحال کا پیشگی اندازہ لگاتے ہوئے مؤثر منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آبی ذخائر میں دستیاب پانی کا محتاط استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ربیع سیزن میں دھان کی کاشت کے لیے درکار پانی کی فراہمی کے امکانات محدود ہیں۔ ایسی صورت میں کسانوں کو دھان کی کاشت سے گریز کرنے اور مکئی، دالوں، تلہن، سبزیوں اور آئل پام جیسی متبادل فصلوں کی جانب راغب کیا جائے۔کلکٹر نے مزید کہا کہ آئندہ آٹھ تا دس ماہ کے لیے ہر گاؤں کی سطح پر جامع منصوبے تیار کرکے ان پر مؤثر انداز میں عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ ان منصوبوں میں پینے کے پانی کی ضروریات، آبپاشی کے لیے پانی کی دستیابی، زیرزمین آبی ذخائر کی صورتحال، برقی استعمال، متبادل فصلوں کی کاشت اور پانی کے تحفظ کے اقدامات کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں برقی کی طلب میں اضافے کا امکان ہے، لہٰذا متعلقہ محکمہ پیشگی اقدامات کرے اور تمام محکمہ جات باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ کلکٹر نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں دستیاب پانی کو ترجیحی طور پر پینے کے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے اور آئندہ بارش کے موسم تک ضلع میں کہیں بھی پینے کے پانی کی قلت پیدا نہ ہونے دی جائے۔ ضرورت کے مطابق پینے کے پانی کی پائپ لائنوں کی فوری مرمت، نئی پائپ لائنوں کی تعمیر اور زرعی بورویلز کو کرایے پر حاصل کرنے جیسے اقدامات کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زمینی سطح پر پانی کی سربراہی سے متعلق مسائل کی فوری یکسوئی کرتے ہوئے نظام کو بلارکاوٹ جاری رکھنے کے لیے ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹرس راج گوڑ اور بھوجنگ راؤ، آر ڈی اوز راجندر کمار اور وجئے کماری کے علاوہ متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔