ہندوستان سے باسمتی چاول کی برآمدات میں ہریانہ سرفہرست

ہندوستان سے مختلف اقسام کے چاول کی دنیا کے مختلف ممالک کو برآمدات میں اضافہ ہوا ہے ۔ عام زمرے کے چاول کے علاوہ ہندوستان کے باسمتی چاول کی دنیا بھر میں غیرمعمولی مقبولیت ہے ۔ سال 2025-26ء کے دوران ہندوستان سے باسمتی چاول کی برآمدات 50138 کروڑ ریکارڈ کی گئی ۔ یوں تو کئی ریاستوں میں عام چاول کے ساتھ باسمتی کی پیداوار بھی ہوتی ہے لیکن ہریانہ اور پنجاب کا باسمتی چاول دیگر ریاستوں کے مقابلے زیادہ مقبول ہوا ہے ۔ ملک بھر سے باسمتی چاول کی پیداوار میں ہریانہ سرفہرست ہے جہاں سے ایک سال میں 26215 کروڑ مالیت کا باسمتی چاول مختلف ممالک کو برآمد کیا گیا ۔ پنجاب 6983 کروڑ کی برآمدات کے ساتھ ملک میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ گجرات ، مدھیہ پردیش اور اترپردیش سے بھی باسمتی چاول کی برآمدات قابل لحاظ درج کی گئی ہے ۔ گجرات سے 7825 کروڑ کا باسمتی چاول برآمد کیا گیا جبکہ مدھیہ پردیش سے 3063 کروڑ اور اترپردیش سے 1335 کروڑ کا باسمتی چاول برآمد کیا گیا ۔ باسمتی چاول کی برآمدات میں ملک کی شمالی اور مغربی ریاستوں کو سبقت حاصل ہوئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان ریاستوں میں چاول کی دیگر اقسام کی تجارت میں اضافہ ہوا ہے ۔ باسمتی چاول کی برآمدات میں جموں کشمیر ، مہاراشٹرا اور دہلی نے بھی نمایاں مقام حاصل کیا ہے ۔ دہلی سے ایک سال میں 3564کروڑ باسمتی چاول کی برآمدات کی گئی ۔ جموں کشمیر سے 299 کروڑ اور مہاراشٹرا سے 203کروڑ مالیت کا باسمتی چاول برآمد کیا گیا ۔
