نئی دہلی کی ووٹ بچاؤ دیش بچاؤ ریالی میں تلنگانہ سے ہزاروں کارکنوں کی شرکت

TOP_15-1

ووٹ چوری کے خلاف انڈیا اتحاد کی جانب سے نئی دہلی کے رام لیلہ میدان میں منعقدہ ریالی میں تلنگانہ سے ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کارکنوں اور پارٹی کے حامیوں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے تلنگانہ کے کارکنوں کی قیادت کی جو مختلف ریالیوں کی شکل میں اپنے علاقہ کے عوامی نمائندوں کے ساتھ رام لیلہ میدان پہنچے۔ کانگریس نے خصوصی ٹرین کے لئے ساؤتھ سنٹرل ریلوے سے درخواست کی تھی لیکن تکنیکی وجوہات کا بہانہ بناکر خصوصی ٹرین کی منظوری نہیں دی گئی۔ پارٹی نے اضلاع سے بسوں کا اہتمام کیا اس کے علاوہ ریگولر ٹرینوں کے ذریعہ قائدین اور کارکن نئی دہلی پہنچے۔ نئی دہلی میں مختلف مقامات پر کارکنوں کے قیام کے انتظامات کئے گئے تھے۔ تلنگانہ بھون کے علاوہ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کی قیامگاہوں میں موجود وسیع و عریض احاطہ میں کارکنوں کے قیام کا انتظام کیا گیا۔ ریاست کے بیشتر وزراء ریالی میں شریک ہوئے جن میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، پی سرینواس ریڈی، ڈی انوسویا سیتکا، سری ہری، لکشمن کمار، جوپلی کرشنا راؤ، جی ویویک وینکٹ سوامی، ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور کونسل، ضلع کانگریس صدور اور پارٹی کی محاذی تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی۔ تلنگانہ کے جتھے کو چیف منسٹر اور صدر پردیش کانگریس نے تلنگانہ بھون سے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ ریالی کے ساتھ مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزراء بھی کارکنوں کے ساتھ شریک ہوئے۔ انڈیا الائنس نے دیش بچاؤ کے عنوان سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے ریالی منظم کی ہے۔ ووٹ بچاؤ اور دیش بچاؤ کے تحت نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں تلنگانہ کے قائدین کی جانب سے بڑے فلیکسی اور پوسٹرس لگائے گئے تھے۔ چیف منسٹر اور دیگر قائدین کی تصاویر کے ساتھ تیار کردہ پلے کارڈس ریالی میں توجہ کا مرکز بن چکے تھے۔ رام لیلہ میدان میں دوپہر سے ہی کارکنوں کے لئے جگہ کی کمی محسوس کی گئی اور یہ ریالی غیر معمولی کامیاب رہی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ بھون میں کارکنوں سے خطاب کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ ہر اسمبلی حلقہ سے 3 خصوصی بسوں کو روانہ کیا گیا جو دو دن کا سفر طے کرتے ہوئے نئی دہلی پہنچے۔ تلنگانہ سے کثیر تعداد میں کارکنوں اور قائدین کی شرکت کے ذریعہ ریالی میں نمایاں مظاہر کیا گیا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی تلنگانہ کی موجودگی کو ثابت کرنے میں کامیاب رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریالی کے بعد کارکنوں کی بہ حفاظت واپسی کے لئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ پارٹی نے ووٹ چوری کے خلاف تمام اضلاع میں احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔