حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کے ٹی آر کی شمالی تلنگانہ میں مہم کا آغاز

TOP_13-1

بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کسانوں کی تائید میں شمالی تلنگانہ میں ریالیوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک ماہ کے دوران وہ 4 اضلاع میں رعیتو گرجنا ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے کسانوں اور زرعی شعبہ کو نظرانداز کرنے کے خلاف جدوجہد کریں گے۔ کے ٹی آر نے کسانوں کے مسئلہ پر شمالی تلنگانہ سے اپنی مہم کا آج عادل آباد ضلع سے آغاز کیا۔ رعیتو گرجنا کے عنوان سے ریالی میں ہزاروں کی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی اور طویل گاڑیوں کے قافلے کے ذریعہ کے ٹی آر عادل آباد پہنچے۔ راستے میں جگہ جگہ ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی اور کسانوں کو درپیش مسائل پر ریالیاں منظم کی جائیں گی۔ شیڈول کے مطابق کے ٹی آر 11 نومبر کو نرمل، 19 نومبر کو نظام آباد اور 29 نومبر کو کریم نگر میں رعیتو گرجنا ریالیوں سے خطاب کریں گے۔حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کے لئے کے ٹی آر پر پدیاترا کے آغاز کے لئے پارٹی قائدین کی جانب سے دباؤ بڑھ رہا ہے۔ مجموعی طور پر پدیاترا کی تاریخ کے تعین سے قبل کے ٹی آر نے کسانوں کے مسائل پر جدوجہد کا آغاز کیا ہے۔ خشک سالی کی صورتحال کے نتیجہ میں زرعی شعبہ کو درپیش مسائل سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی کو اجاگر کرنے کے لئے قائدین اور کیڈر کو متحرک کردیا گیا ہے۔ پارٹی قائدین کا کہنا ہے کہ کے ٹی آر کے دوروں کے نتیجہ میں شمالی تلنگانہ میں پارٹی مستحکم ہوگی۔ پہلے مرحلہ میں شمالی تلنگانہ کے 4 اضلاع کا انتخاب کیا گیا جہاں کسانوں نے خودکشی کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نومبر کے بعد دیگر اضلاع میں بھی کے ٹی آر ریالیاں منظم کریں گے۔