راہول گاندھی کی تحریک کو عوامی تائید، گاؤں گاؤں میں توسیع

صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے عوام سے اپیل کی کہ غریبوں کے رائے دہی کے حق کو بچانے کے لئے قومی سطح پر راہول گاندھی کی جانب سے شروع کردہ ’’ووٹ بچاؤ دیش بچاؤ‘‘ مہم میں شامل ہو جائیں۔ مہیش کمار گوڑ نے آج نئی دہلی میں رام لیلہ میدان کی ریالی سے قبل تلنگانہ بھون کے روبرو پارٹی کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے ہزاروں کی تعداد میں سفر کی مشکلات کے باوجود دہلی پہنچنے پر کارکنوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت خصوصی ٹرینوں کی منظوری کو لمحہ آخر میں منسوخ کردیا گیا باوجود اس کے کارکن بسوں اور دیگر ذرائع سے نئی دہلی پہنچے تاکہ راہول گاندھی کی مہم کو مضبوط کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے راہول گاندھی ووٹ چوری سے متعلق جن اندیشوں کا اظہار کررہے تھے وہ آخر کار درست ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا تحفظ اسی وقت ممکن ہے جب عوام کے رائے دہی کے حق کو بچایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری دراصل بی جے پی کے اقتدار میں برقرار رہنے کی سازش ہے۔ کئی ریاستوں میں ووٹ چوری کے ذریعہ اقتدار حاصل کیا گیا اور SIR کے نام پر کمزور طبقات اور اقلیتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے یقین ظاہر کیا کہ ووٹ چوری کے خلاف انڈیا اتحاد کی تحریک مودی حکومت کے زوال تک جاری رہے گی۔ سماج کے تمام طبقات اس مہم سے وابستہ ہوچکے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ راہول گاندھی ملک کے لئے انتہائی مقبول اور ہر ایک کی نمائندگی کرنے والے قائد کے طور پر ابھرے ہیں۔ جمہوریت کے تحفظ کے لئے اپوزیشن نے تائید کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں نے تحریک میں شامل ہوتے ہوئے نئی طاقت بخشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے گاؤں گاؤں میں اس تحریک کو توسیع دی جائے گی اور مودی حکومت کو بے نقاب کیا جائے گا۔
