مودی نے جنگی یادگار، راج گھاٹ اور سدیو اٹل جاکر خراج عقیدت پیش کیا

MODI2

نامزد وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کی صبح قومی جنگی یادگار، مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ اور سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی، سدیو اٹل جاکر خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر مودی کو آج شام راشٹرپتی بھون میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں وزیر اعظم کے عہدے کا حلف دلایا جائے گا۔ مسٹر مودی پہلے راج گھاٹ گئے اور بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کے ساتھ ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری بھی موجود تھے۔ اس کے بعد مسٹر مودی نے اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی سدیو اٹل پر جاکر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے انڈیا گیٹ پر واقع قومی جنگی یادگار کا بھی دورہ کیا اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان اور تینوں افواج کے اعلیٰ افسران بھی نیشنل وار میموریل پر موجود تھے۔ مسٹر مودی کے ساتھ ان کی وزراء کونسل کے کچھ ارکان بھی حلف لیں گے۔