کابینہ میں بنڈی سنجے کی امکانی شمولیت پر افراد خاندان کا اظہار مسرت

ان اطلاعات کے درمیان کہ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری بنڈی سنجے کو مرکزی کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے، بنڈی کے افراد خاندان نے مسرت کااظہار کیا اور پارٹی قائدین اور کیڈر کا شکریہ ادا کیا۔ بنڈی سنجے کی اہلیہ اپرنا نے کریم نگر میں اپنے مکان پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری زندگیوں کا انتہائی بہتر لمحہ ہے۔ ہم تمام خوش ہیں اور ہر ایک کے مشکور ہیں۔ ہم بی جے پی کے قائدین اور ورکرس کے شکر گزار ہیں۔ ہر ایک کی سخت محنت اور دعاؤں کے سبب ہم اس مقام پر ہیں۔ ماتا رانی کے آشیرواد سے آج ہمیں یہ دن دیکھنے کو ملا ہے۔ میرے خیال میں ہماری زندگی کا یہ بہترین لمحہ ہے۔ بنڈی سنجے کمار کے خاندان کے دیگر افراد نے بھی کریم نگر کے ایم پی کو یہ موقع فراہم کرنے پربی جے پی اور وزیر اعظم مودی سے اظہار تشکرکیا۔
