مسلمانوں کو ملک میں رہنے کی اجازت دینا سب سے بڑی غلطی تھی: مرکزی وزیر گری راج سنگھ

GIRIRAJ-SINGH

مرکزی وزیر ٹکسٹائلز اور سینئر بی جے پی قائد گری راج سنگھ نے اپنے حالیہ بیان سے ایک تنازعہ پیدا کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تقسیم کے بعد مسلمانوں کو ہندوستان میں رہنے کی اجازت دینا اس ملک کی سب سے بڑی غلطی ہے۔ آر ایس ایس کے ایک جریدہ ’پنچ جنیہ‘ کی اطلاع کے مطابق بیگوسرائے کے رکن پارلیمنٹ نے کہا”سب سے بڑی غلطی مسلمانوں کو یہاں رہنے کی اجازت دینا تھا“۔ اگر ملک کو مذہبی خطوط پر تقسیم کیاگیاتھا تو پھر مسلمانوں کو یہاں رہنے کی اجازت کیوں دی گئی۔ اگر وہ لوگ یہاں سے منتقل ہوجاتے تو شاید صورتحال مختلف ہوتی۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ تمام مسلمان پاکستان چلے جاتے تو آج ہندوستان ایک مختلف ملک ہوتا۔ سنگھ نے کہاکہ یہ امر انتہائی بدبختانہ ہے کہ ہمارے آباو اجداد نے تمام مسلمانوں کو 1947 میں پاکستان نہیں بھیجا جب ملک کو مذہبی خطوط پر تقسیم کیاگیا۔ اگر وہ لوگ ایسا کرتے تو آج یہ سوالات پیدا نہ ہوتے۔ ان کے اس بیان پر انٹرنیٹ صارفین نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔