عالمی سطح پر آٹوموٹیو سپلائی انڈسٹری پر جرمنی کی کمپنیوں کا غلبہ

گاڑیوں کے سامان اور دیگر اہم پرزہ جات کی سربراہی کی صنعت نے عالمی سطح پر اپنے کاروبار میں تیزی سے توسیع کی ہے۔ آٹوموٹیو سپلائی انڈسٹری کے تحت کئی بیرونی کمپنیوں نے مارکٹ سرمایہ کاری کے ذریعہ دنیا بھر میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ آٹوموٹیو انڈسٹری کے تحت گاڑیوں کے اہم سامان کے علاوہ موبیلیٹی ٹیکنالوجی کی فراہمی میں جرمنی کی Reheinmetall کمپنی کو سبقت حاصل ہے جس کی مارکٹ سرمایہ کاری 50.40 بلین ڈالر درج کی گئی ہے۔ جاپان اور ساؤتھ کوریا کی کمپنیوں کو دوسرا اور تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ جاپان کی Denso اور ساؤتھ کوریا کی Hondai Mobis کمپنی کی مارکٹ سرمایہ کاری اعلیٰ الترتیب 29.26 بلین اور 25.25 بلین ڈالر درج کی گئی۔ آٹوموٹیو سپلائی انڈسٹری میں دنیا کی 10 نامور کمپنیوں کی فہرست میں ہندوستان بھی شامل ہے۔ ہندوستان کی سموردھنا موٹر سن کمپنی کی مارکٹ سرمایہ کاری 16.96 بلین ڈالر درج کی گئی ہے۔ فہرست میں شامل دیگر کمپنیوں کا تعلق چین، جرمنی، کینیڈا، امریکہ سے ہے۔ آٹوموٹیو سپلائی انڈسٹری میں جرمنی کی تین کمپنیوں نے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنائی ہے جبکہ جاپان کی دو کمپنیوں نے مارکٹ سرمایہ کاری کے ذریعہ فہرست میں جگہ بنائی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عصری ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے گاڑیوں کے پرزہ جات اور دیگر ٹیکنالوجی کی سربراہی نے نہ صرف کمپنیوں بلکہ گاڑیوں کے استعمال کرنے والوں کا اعتماد حاصل کیا ہے۔ دنیا بھر میں گاڑیوں کے بڑھتے استعمال کے رجحان کے دوران آٹوموٹیو سپلائی انڈسٹری کو تیزی سے فروغ حاصل ہوا ہے۔
