ہنڈن برگ انکشافات، کانگریس کا ملک گیر احتجاج

CONGRESS-KHARGE

ہنڈن برگ الزامات پر بڑھتے تنازعہ کے بیچ کانگریس نے منگل کے دن اعلان کیا کہ وہ سیبی سربراہ مادھبی پوری بچ کے استعفیٰ اور اڈانی مسئلہ پر جے پی سی تحقیقات کے مطالبہ پر زور دینے 22 اگست کو ملک گیر احتجاج کرے گی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے نئی دہلی میں تمام جنرل سکریٹریز، پردیش کانگریس صدور اور ریاستوں کے اے آئی سی سی انچارجس کی میٹنگ کے بعد نئی دہلی میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے میٹنگ کے بعد ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ سیبی اور اڈانی کے بیچ گٹھ جوڑ کا جو چونکا دینے والا انکشاف ہوا ہے، اس کی مکمل تحقیقات ضروری ہیں۔ اسٹاک مارکٹ میں چھوٹے سرمایہ کاروں کا فیصلہ ضائع ہونے نہیں دیا جاسکتا۔ مودی حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری سیبی سربراہ سے استعفیٰ طلب کرے اور جے پی سی تحقیقات کا حکم دے۔ کانگریس قائد وینوگوپال نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ میٹنگ میں طئے پایا کہ پارٹی 22 اگست کو ملک گیر احتجا ج کرے گی۔ وہ سیبی سربراہ کے استعفیٰ اور اڈانی مسئلہ کی جے پی سی تحقیقات کا مطالبہ کرے گی۔